انتخابات مقررہ تاریخ پرہوں گے یا نہیں؟ کچھ کہانہیں جاسکتا،سیکریٹری الیکشن کمیشن
سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید کا کہنا ہے کہ انتخابات مقررہ تاریخ پرہوں گے یا نہیں؟ کچھ کہانہیں جاسکتا۔ تمام اسٹیک ہولڈرز سے مل کر دیکھتے ہیں کہ کیا صورتحال بنتی ہے۔
نمائندہ خصوصی سماء سے گفتگو میں سیکریٹری الیکشن کمیشن نے واضح کردیا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں اپنی آئینی اورقانونی ذمہ داریاں پوری کریں گے۔ بروقت الیکشن کے انعقاد کےلیے کوششں جاری ہے۔ باقی اللہ پر چھوڑتے ہیں جو بہتر ہوگا وہی ہوگا۔
عمر حمید کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن اپنی آئینی و قانونی ذمہ داری پورے کرے گا، گورنر کے پی الیکشن کی تاریخ کیلئے اپنے سیکرٹری کا انتظار کر رہے ہیں، الیکشن کمیشن ہر وقت انتخابات کیلئے تیار رہتا ہے۔
اس سے قبل تقریب سے خطاب میں سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید نے کہا کہ الیکشن کمیشن خواتین اور دیگر اقلیتوں کو آگے لانےکیلئے اقدامات کر رہا ہے، خواتین کیخلاف نفرت انگیز تقاریر پر مبنی مواد ضابطہ اخلاق کا حصہ بنایا جائے گا۔
عمر حمید نے کہا کہ نفرت انگیز تقاریر کیخلاف سیاسی جماعتوں سمیت سٹیک ہولڈرز سے رابطے میں ہیں، ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔