عمران خان کی درخواست ضمانت سے متعلق درخواست واپس کردی گئی
لاہور ہائیکورٹ میں عمران خان کی حفاظتی ضمانت کیلئے بھجوائی گئی درخواست واپس کردی گئی ہے۔
لاہور ہائیکورٹ کے عملے کا کہنا ہے کہ ڈائری برانچ کاعملہ موجود نہیں،نمبرنہیں لگ سکتا، سیکیورٹی عملہ درخواست کو مرکزی دروازے پر چھوڑ کر واپس روانہ ہوگیا۔ اظہرصدیق نےسیکیورٹی عملے کے ذریعے درخواست بھجوائی تھی۔
اس سے قبل توشہ خانہ کیس میں گرفتاری سے بچنے کیلئے عمران خان نے چھٹی والے دن لاہور ہائیکورٹ کا دروازہ کھٹکھٹا دیا۔
خیال رہے کہ آج جب اسلام آباد پولیس عدالتی حکم کی تعمیل کیلئے لاہور میں زمان پارک پہنچی تو عمران خان گھر کے اندر ہی چھپے بیٹھے رہے۔ ایس پی سٹی اندر گئے تو پی ٹی آئی رہنماؤں نے کہا خان صاحب نہیں ہیں۔ شبلی فراز نے یہ جھوٹ بول کر خود نوٹس وصول کرلیا۔
اسلام آباد پولیس نے واضح کردیا کہ عدالتی احکامات کی تکمیل میں رکاوٹ ڈالنے والوں کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ قانون سب کیلئے برابر ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اسلام آباد پولیس اپنی حفاظت میں عمران خان کو اسلام آباد منتقل کرے گی۔ عمران خان کو توشہ خانہ کیس میں سات مارچ بروز منگل اسلام آباد کی عدالت میں پیش ہونے کا حکم ملا ہوا ہے۔