عمران خان کا دو صوبوں کے بجائے ملک بھر میں عام انتخابات کا مطالبہ
عمران خان نے 2 صوبوں کے بجائے ملک بھرمیں عام انتخابات کا مطالبہ کردیا، کہتے ہیں کہ عوامی مینڈیٹ رکھنے والی جماعت ہی ملک کو بحرانوں سے نکال سکتی ہے، باہمی اتحاد ہی وقت کی اہم ضرورت ہے، سب سے بات کرنے کو تیار ہیں، کیونکہ سیاست دان کسی سے کُٹی نہیں کرتا۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے خود پر حملہ کرنیوالوں کو معاف کرنے کا بھی اعلان کردیا۔
لاہور سے ویڈیو لنک پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ میں سب سے بات کرنے کو تیار ہوں، سب سے سمجھوتہ کرنے کو تیار ہوں، میں اپنے اوپر ہونیوالے حملے کے ذمہ داروں کو ملک کی خاطر معاف کرنے کو بھی تیار ہوں۔
مزید جانیے : عمران خان کو پتا ہے کہ وہ ختم شد، مریم نواز
سابق وزیراعظم نے الیکشن مہم کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میں اگلے ہفتے جلسہ کرکے اپنی الیکشن مہم کا آغاز کررہا ہوں، میں جلد ہی خود ٹکٹ تقسیم کروں گا، لوگوں کو انٹرویوز کیلئے بلاؤں گا، 2 ہفتے میں یہ عمل مکمل ہوجائے گا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ جو پارٹی ڈسپلن توڑے گا میں اسے فوراً پارٹی سے نکال دوں گا، میں کسی قسم کی سفارش نہیں سنوں گا، پی ڈی ایم اور ان کے ہینڈلرز دونوں الیکشن نہیں کروانا چاہتے تھے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان کو نقصان پہنچانے کے لیے عمران خان ہی کافی ہے ، میجر ( ر) گوروآریا
تحریک انصاف کے سربراہ نے مزید کہا کہ میں بار بار طوطے کی طرح کہتا رہا کہ الیکشن کروائے بغیر ملک میں سیاسی استحکام نہیں آئے گا، آئین میں لکھا ہے کہ اسمبلیاں تحلیل ہونے کے بعد 90 دن میں الیکشن کرانے ہیں لیکن انہوں نے تاریخ نہیں دی، بالآخر سپریم کورٹ نے اس پر فیصلہ دیا۔
عمران خان کا کہنا ہے کہ میں نے اپنے ملک کی تاریخ میں اتنی سختی نہیں دیکھی جو ان لوگوں نے ہماری پارٹی کے کارکنوں کے ساتھ کیا، آج جو پاکستان کے حالات ہیں، دشمن بھی ملک کے ساتھ وہ نہ کرے جو کچھ ان ساری جماعتوں نے کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت میں شامل جماعتوں نے دو دفعہ ہمارے خلاف مہنگائی مارچ کیا تھا، آج انہوں نے پاکستان کی تاریخ کی سب سے زیادہ مہنگائی کر دی ہے، ملک کو دلدل سے نکالنا ہے تو پہلے وہ حکومت بنائیں جس کے ساتھ عوام کھڑے ہوں۔
تفصیلات پڑھیں: عمران خان کا جیل بھروتحریک معطل کرنے کا اعلان
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ میں امید رکھ رہا تھا کہ 60 فیصد پاکستان میں الیکشن کی بجائے یہ عام انتخابات کروا دیں گے، دو صوبوں کے بجائے پورے ملک میں انتخابات کرائے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی معیشت کو سنبھالنے کیلئے قرض لینے کا مطلب ہے کہ آپ کینسر کا علاج ڈسپرین سے کررہے ہیں، کینسر کا علاج یہ ہے کہ اسے کاٹیں، ہمیں وہ ادارے اور گورنمنٹ کارپوریشنیں ختم کرنا ہوں گی جو ملک پر بوجھ ہیں۔