پی ایس ایل ویمن نمائشی میچ کیلئے غیر ملکی کھلاڑیوں کا اعلان

دنیا کے 7 ممالک سے 10 کھلاڑی میچز میں حصہ لیں گی، پی سی بی

پاکستان سپر لیگ 8 ( پی ایس ایل8) کے دوران پہلی بار خواتین کی دو ٹیموں کے درمیان نمائشی میچز کا بھی انعقاد کیا جارہا ہے، جس کیلئے پی سی بی نے 10 غیر ملکی کرکٹرز کے ناموں کا اعلان کردیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے آج ویمن لیگ کے 3 نمائشی میچوں کیلئے خواتین کے اسکواڈز کی فہرست جاری کردی، جو 8، 10 اور 11 مارچ کو راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری ٹویٹر پیغام میں بتایا گیا کہ دنیا کے 7 ممالک سے 10 خواتین کرکٹرز نمائشی میچوں میں دونوں ٹیموں کی نمائندگی کریں گی۔

پی ایس ایل 8 کے دوران راولپنڈی میں خواتین کے میچز دوپہر 2 بجے شروع ہوں گے اور اس کے بعد مردوں کے میچز کا شام 7 بجے آغاز ہوگا۔

پی سی بی کے مطابق بسمہ معروف ایمازونز کی کپتانی کریں گی، جس میں آئرلینڈ کی لورا ڈیلانی، انگلینڈ کی لارین ونفیلڈ ہل، مایا بوچیئر اور ٹامی بیومونٹ جبکہ آسٹریلیا کی ٹیس فلنٹوف شامل ہیں۔

دوسری جانب ندا ڈار سپر ویمن کی قیادت کریں گی، جس میں سری لنکا کی چماری اتھاپتھو، انگلینڈ کی ڈینی وائٹ، بنگلہ دیش کی جہاں آراء عالم، جنوبی افریقا کی لورا ولوارڈٹ اور نیوزی لینڈ کی لی تاہوہو بھی شامل ہوں گی۔

بسمہ معروف کا کہنا ہے کہ مجھے ویمن لیگ کے تین نمائشی میچوں میں ایمازون ٹیم کی قیادت کرنے پر خوشی ہے، یہ ہمارے کھلاڑیوں کیلئے اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا بہترین موقع ہے، نمائشی میچوں میں غیرملکی کھلاڑیوں کی شمولیت ہمارے کھلاڑیوں کیلئے خوش آئند ہے اور ہمارے کھلاڑیوں کو اُن سے سیکھنے کا بہترین موقع فراہم کرے گی۔

یہ بھِی پڑھیں: پی ایس ایل ویمن لیگ، دو ٹیموں کا اعلان کردیا گیا

سپر ویمن کی کپتان ندا ڈار نے کہا کہ میں سپر ویمن کے کھلاڑیوں کے دلچسپ گروپ کی قیادت کرنے کیلئے پرجوش ہوں، نمائشی میچ ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کیلئے ایک بہترین پلیٹ فارم فراہم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ان میچوں میں غیر ملکی کھلاڑیوں کی شرکت اور ان کا تجربہ مقامی کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے میں مددگار ہوگا۔

ٹیموں کی فہرست

ایمازون: بسمہ معروف (کپتان)، عالیہ ریاض، انعم امین، عریشہ نور، ایمن فاطمہ، فاطمہ خان، فاطمہ ثناء، غلام فاطمہ، گل فیروزہ، کائنات امتیاز، لورا ڈیلانی (آئرلینڈ)، لارین ونفیلڈ ہل (انگلینڈ)، مایا باؤچر (انگلینڈ)، نشرح سندھو، صدف شمس، ٹمی بیومونٹ (انگلینڈ)، ٹیس فلنٹوف (آسٹریلیا) اور اُمِ ہانی۔

سپر ویمنز: ندا ڈار (کپتان)، ایمن انور، چماری اتھاپتھو (سری لنکا)، ڈینی ویاٹ (انگلینڈ)، ارم جاوید، جہاں آراء عالم (بنگلہ دیش)، لورا وولوارڈٹ (جنوبی افریقا)، لی تاہوہو (نیوزی لینڈ)، منیبہ علی، نتالیہ پرویز، عمائمہ سہیل، سعدیہ اقبال، شوال ذوالفقار، سدرہ امین، سدرہ نواز، سیدہ عروب شاہ، سیدہ معصومہ زہرا، طوبیٰ حسن۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے دوران خواتین کے ٹیموں کے درمیان پہلی بار ٹی 20 میچز کا انعقاد کیا جارہا ہے۔

Pakistan Cricket Board (PCB)

PSL2023

Women’s League exhibition matches

Tabool ads will show in this div