یورپی ممالک سے درجنوں پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کرنے کی تیاریاں مکمل
یورپی ممالک یونان اور سائپرس میں غیرقانونی طور پر مقیم 171 پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کرنے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی۔
وزارت داخلہ نے ڈی جی ایف آئی اے کو ڈی پورٹ افراد کے حوالے سے مراسلہ جاری کر دیا۔ مختلف الزامات کے تحت ڈی پورٹ افراد کےلیے چارٹر پرواز آپریٹ کی جائے گی۔
حکام کے مطابق ڈی پورٹ کئے گئے افراد کو یورپی یونین اسٹیٹ پولیس کی نگرانی میں نیو اسلام آباد ائرپورٹ لایا جائے گا جو 8 مارچ کو اسلام آباد پہنچیں گے۔
اعلامیے کے مطابق پاکستانی سفارتخانے سے جاری سفری دستاویزات کے حامل پاکستانیوں کو ہی داخلے کی اجازت دی جائے، سفری دستاویزات کے بغیر غیر مصدقہ افراد کو اسی پرواز سے یونان واپس روانہ کیا جائے۔
مراسلے میں متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ پاکستانی سفارتخانے سے جاری فہرست میں شامل افراد کےعلاوہ کوئی نیا مسافر قبول نہ کیا جائے۔