کوئٹہ قلندرز کیخلاف جیت پر سکندر، حارث اور راشد کو کیا انعامات ملے؟
لاہور قلندرز کی انتظامیہ کی جانب سے پاکستان سپر لیگ 8 میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اپنے کھلاڑیوں کو انعامات دینے کا سلسلہ جاری ہے۔
لاہور قلندرز نے سکندر رضا کو پلاٹ، حارث رؤف کو سال بھر کیلئے جوتوں اور راشد خان کو آئی فون دینے کا اعلان کیا ہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف کھیلے گئے میچ میں سکندر رضا نے انتہائی ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 34 گیندوں پر 3 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 71 رنز بنائے تھے اور لاہور قلندرز کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
لاہور قلندرز انتظامیہ نے شاندار بیٹنگ پر قلندرز سٹی میں پلاٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔
حارث رؤف کو شاندار بولنگ اور 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے پر لاہور کے ایک مشہور جوتوں کے برانڈ ”اسٹارلیٹ“ کی جانب سے ”اسٹارلیٹ پلیئر آف دی ایئر“ سے نوازا گیا، جس میں انہیں سال بھر کے جوتے مفت دیئے جائیں گے۔
لاہور قلندرز کے اسپنر راشد خان کو بھی 2 شکار کرنے پر آئی فون سے نوازا گیا۔
کھلاڑیوں کو انعامات دینے کیلئے سجائی جانے والی تقریب میں کھلاڑیوں نے آپس میں خوب ہنسی مذاق بھی کیا۔ جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی جاری کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ لاہور قلندرز کے بولرز کی شاندار بولنگ کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 131 رنز ہی بناسکی تھی اور میچ 17 رنز سے ہار گئی تھی۔