خیبرپختونخوا میں قومی اسمبلی کے ضمنی انتخابات کا شیڈول معطل
پشاور ہائی کورٹ نے قومی اسمبلی کی خالی نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات کےلیے الیکشن کمیشن کا شیڈول معطل کردیا۔
پشاورہائیکورٹ میں تحریک انصاف کے مسعفی اراکین قومی اسمبلی کے استعفوں اور ضمنی انتخابات کے معاملے پر جسٹس عتیق شاہ اورارشد علی پرمشتمل دو رکنی بینچ نے سماعت کی۔
عدالت نے الیکشن کمیشن کی جانب سے 16 مارچ کو ضمنی انتخابات کے اعلامیے کو معطل کرتے ہوئے انتخابات کو روک دیا جبکہ پی ٹی آئی ممبران کی قومی اسمبلی کی رکنت بحال کرنے کی استدعا بھی مسترد کردی۔
استعفوں کے معاملے پر عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی ممبران نے استعفی واپس لینے کےلیے کیا اسپیکر سے رابطہ کیا؟ آپ الیکشن شیڈول کے اعلان سے پہلے کیوں نہیں آئے ؟ کیا آپ پارلیمنٹ کے ساتھ کھیل رہے ہیں۔
دورکنی بینچ سے پی ٹی آئی کے سابق ارکان کے استعفے اسپیکر کی جانب سے منظور کرنے کے اعلامیے کو معطل کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے فریقین سے جواب طلب کر لیا۔ عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت سات مارچ تک ملتوی کر دیا۔