ترکیہ میں زلزلے کے بعد زمین میں بڑا گڑھا پڑگیا
ترکیہ میں خوفناک زلزلے کے بعد آفٹر شاکس کا سلسلہ بدستور جاری ہے، قونیہ میں جمعہ کو آنیوالے زلزلے کے بعد زمین میں ایک بڑا گڑھا پڑ گیا، جس نے سب کو حیران کردیا۔
ترکیہ اور شام میں 6 فروری کو تباہ کن زلزلے میں اموات کی تعداد 50 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔
اس زلزلے نے دنیا بھر میں اثرات مرتب کئے ہیں، زلزلہ کے بعد سیکڑوں آفٹر شاکس بھی آچکے ہیں، زلزلے کی تباہی کے بعد نقصان کے تخمینے لگائے جارہے ہیں۔
حال ہی میں زلزلہ کے بعد ترک شہر قونیہ میں ایک اور خوفناک واقعہ پیش آیا، جہاں ’’رشادیہ‘‘ علاقے میں لوگوں نے دیکھا کہ زمین میں اچانک ایک بڑا گڑھا نمودار ہوگیا، اس گڑھے کو بھی تباہ کن زلزلہ کے اثرات میں شمار کیا جارہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق گڑھے کا رقبہ 1400 میٹر ہے، یہ گڑھا 12 میٹر گہرا اور اس کا قطر 37 میٹر ہے۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی ”اناطولیہ“ نے جمعہ کو پڑنے والے اس گڑھے کی ویڈیو بھی شیئر کی ہے۔
ترک ایجنسی کی جانب سے اس عجیب و غریب واقعے پر قونیہ ٹیکنیکل یونیورسٹی کے ریسرچ اینڈ ایپلیکیشن سینٹر کے ڈائریکٹر فتح اللہ ارک کا تبصرہ لیا گیا۔
فتح اللہ ارک نے کہا کہ شہریوں کا کہنا ہے کہ ’’کاراپنار‘‘ میں ایک نیا گڑھا بن گیا ہے، ہم نے گڑھے اور علاقے کا جائزہ لیا، ہم اس کے اور آج آنے والے زلزلے یا 6 فروری کو آنیوالے بڑے زلزلے کے درمیان کوئی ربط تلاش نہیں کر سکے۔
انہوں نے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ یہ گڑھا زلزلہ کے دوران بنا ہو، یہ بھی ہوسکتا ہے کہ پہلے سے بننے والے گڑھے کی سطح زلزلے کی وجہ سے گرگئی ہوگی، ہاں کچھ جگہوں پر گڑھوں کی موجودگی کو زلزلے سے جوڑا جاسکتا ہے لیکن ہمیں کوئی واضح ثبوت نہیں ملا کہ یہاں یہ زلزلے کی وجہ سے ہوا ہے۔