اسلام آباد یونائیٹڈ کو لاہور قلندرز کے ہاتھوں بدترین شکست
پاکستان سپر لیگ 8 میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 110 رنز کے بڑے مارجن سے بدترین شکست دیدی، ڈیوڈ ویزے نے 3، راشد خان اور سکندر رضا نے 2، 2 شکار کئے۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پی ایس ایل 8 کے 16ویں میچ میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کیلئے 201 رنز کا ہدف دیا تاہم شاداب خان الیون 13.5 اوورز میں صرف 90 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کو اوپنرز نے 41 رنز کا آغاز فراہم کیا، رحمان اللہ گرباز 23 رنز بان کر ٹاپ اسکورر رہے، جنہیں زمان خان کی گیند پر فخر زمان نے کیچ کیا، کولن منرو 18 اور ٹام کرن 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
شاداب الیون کے 8 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہیں ہوسکے، رسی وان ڈر ڈوسن 3، شاداب خان 4، اعظم خان 4، آصف علی 3، حسن علی 4، ذیشان ضمیر اور ابرار احمد بغیر کوئی بنائے پویلین لوٹ گئے، فہیم اشرف 4 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 2023ء کے کم ترین اسکور پر آؤٹ ہوئی، اس سے قبل گزشتہ روز ملتان سلطانز کی ٹیم کراچی کنگز کیخلاف 101 رنز پر آؤٹ ہوئی تھی۔
لاہور قلندرز کے ڈیوڈ ویزے کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، انہوں نے 3 اوورز میں صرف 17 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، راشد خان نے 8 رنز جبکہ سکندر رضا نے 6 رنز دے کر 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 200 رنز بنا ڈالے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے کوئی بھی کھلاڑی نصف سنچری تو نہ کرسکا تاہم جارحانہ بیٹنگ کی بدولت کھلاڑی ٹیم کا مجموعہ 200 رنز تک پہنچانے میں کامیاب ہوگئے۔
عبداللہ شفیق 45 اور فخر زمان 36 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے، سام بلنگ نے 33 اور مرزا بیگ 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، حسین طلعت 6، ڈیوڈ ویزے 12 اور راشد خان 18 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
سکندر رضا نے 10 گیندوں پر 23 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، لاہور قلندرز نے مجموعی طور پر 7 چھکے اور 22 چوکے لگائے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے ٹام کرن نے 3، شاداب خان نے 2 جبکہ حسن علی اور ابرار احمد نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
کپتان لاہور قلندرز شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ ہماری بولنگ مضبوط ہے، آج کے میچ کےلیے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔
دوسری جانب کپتان اسلام آباد یونائیٹڈ شاداب خان کا کہنا تھا کہ ٹاس جیتتے تو بولنگ کا فیصلہ ہی کرتے۔
مزید پڑھیے: شاندار پرفارمنس؛ فخر زمان پر انعامات کی بارش
خیال رہے کہ گزشتہ روز لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو 40 رنز سے ہرایا تھا۔ لاہور کے قذافی کرکٹ اسٹیڈیم میں پی ایس ایل 8 کے پہلے مقابلے میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں صرف 3 وکٹیں گنوا کر241 رنز بنائے۔ لاہور قلندرز کی جانب سے عبداللہ شفیق نے 45 گیندوں پر 75، فخر زمان نے 41 گیندوں پر 96 جب کہ سیم بلنگز نے 23 گیندوں پر 47 رنز بٹورے۔
مزید پڑھیے: لاہور اور راولپنڈی کے پی ایس ایل شائقین کے لیے اچھی خبر
جواب میں مقررہ 20 اوورز میں پشاور زلمی 9 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز ہی بناسکی۔ لاہور قلندرز کی جانب سے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے 4 اوورز میں 5 وکٹیں بٹوریں۔