جیل بھرو تحریک؛ راولپنڈی سے گرفتار پی ٹی آئی رہنما سرگودھا جیل منتقل
پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے جیل بھرو تحریک کے دوران راولپنڈی سے گزشتہ روز 24 فروری بروز جمعہ گرفتار کئے گئے چھ رہنماؤں کو اڈیالہ سے سرگودھا کی شاہ پور جیل منتقل کردیا گیا ہے۔
رہنماؤں کو آئی جی جیل خانہ جات کے حکم پر شاہ پور جیل منتقل کیا گیا ہے۔ سرگودھا روانہ کئے گئے رہنماؤں میں فیاض الحسن چوہان، زلفی بخاری، ساجد محمود، اعجاز جازی، لطاسب ستی اور صداقت عباسی شامل ہیں۔
پی ٹی آئی رہنماؤں کی ایک ماہ کی نظر بندی کے احکامات بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔
دوسری جانب سابق ایم پی اے راجہ خرم زمان سمیت 41 مقامی رہنماؤں کو حافظ آباد جیل منتقل کرنے کے احکامات جاری کر دیے گئے۔ پی ٹی آئی کے 41 مقامی رہنماؤں کو قیدی بس کے ذریعے حافظ آباد جیل روانہ کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ راولپنڈی میں گرفتاری دینے والے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں میں سے 47 افراد کو اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا تھا۔
زلفی بخاری، فیاض الحق چوہان، اعجاز خان اور صداقت عباسی کو بھی اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا تھا۔