انتخابات کیلئے تاریخ کا اعلان نہ کرنے پر الیکشن کمیشن سے جواب طلب
لاہور ہاٸیکورٹ نے پنجاب اسمبلی کے انتخابات کیلئے تاریخ کا اعلان نہ کرنے پر توہین عدالت کی درخواست پر الیکشن کمیشن سے تفصیلی جواب طلب کرلیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس جواد حسن نے شہری منیر احمد کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں عدالتی حکم کے باوجود انتخابات نہ کرانے پر توہین عدالت کی کارروائی کی استدعا کی گئی۔
سماعت کے دوران الیکشن کمیشن نے جواب داخل کرایا جس پر عدالت نے باور کرایا کہ یہ جواب تفصیلی نہیں ہے۔
الیکشن کمیشن کے وکیل نے بتایا سپریم کورٹ الیکشن کے معاملے پر ازخود نوٹس لے لیا ہے۔
درخواست گزار کے وکیل اظہر صدیق نے بتایا کہ سپریم کورٹ کے ازخود نوٹس کا اس معاملے سے کوٸی تعلق نہیں بلکہ الیکشن کمیشن نےعدالتی احکامات حکم پرعمل کرنے سے انکار کر دیا ہے۔درخواست پر مزید کارروائی آئندہ ہفتے ہوگی۔