روس سے تنازع، یوکرین نے پاکستان سے مدد مانگ لی
یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو ٹیلی فون کیا اور ان کے 10 نکاتی امن فارمولے کا حوالہ دیتے ہوئے یوکرین روس تنازع کے خاتمے کے لیے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پیش کی جانے والی قرارداد کے مسودے پر پاکستان کی حمایت مانگی۔
صدر ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ روس یوکرین جنگ پر پاکستان کو گہری تشویش ہے، پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق معاملے کے پرامن حل کی حمایت کرتا ہے۔ حکومت ِپاکستان مجوزہ قرارداد کے مندرجات کا جائزہ لے رہی ہے۔
ترجمان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور یوکرین کے سیاسی اور اقتصادی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا، جس میں توانائی اور خوراک کی حفاظت کے مسائل شامل ہیں جو روس اور یوکرین کے درمیان جاری تنازع کے تناظر میں ترقی پذیر دنیا کو درپیش ہیں۔
دونوں رہنماؤں نے دونوں ممالک کے باہمی فائدے کے لیے اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ صدر زیلنسکی نے صدر پاکستان کو یوکرین کے دورے کی دعوت بھی دی۔