موبائل فون مانگنے پر شوہر نے بیوی کو قتل کردیا
فیصل آباد کے علاقے گوکھوال میں شوہر نے نیا موبائل فون مانگنے پر اہلیہ کو قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ کل رات پیر 20 فروری کو پیش آیا، مسیحی جوڑے میں کچھ عرصے سے ناراضگی بھی چل رہی تھی، تاہم گزشتہ رات جب بیوی کی جانب سے نئے موبائل فون کا تقاضا کیا گیا تو شوہر نے بیوی کو کلہاڑی کے وار سے قتل کردیا۔
وقوعہ کے وقت بچے بھی گھر میں موجود تھے۔ مقتولہ کی تین بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے۔
پولیس نے لاش تحویل میں لے کر الائیڈ اسپتال منتقل کردی ہے۔ قتل کے بعد شوہر نے خود پولیس اسٹیشن جا کر قتل کی اطلاع اور گرفتاری دی۔
ذرائع کے مطابق شوہر کو اہلیہ پر شک تھا کہ وہ فون پر کسی سے بات کرتی ہے اور ملنے جاتی ہے۔
مقتولہ کے اہل خانہ کی جانب سے تاحال کسی نے لاش وصول کرنے کیلئے رابطہ نہیں کیا ہے، جب کہ واقعہ کی ایف آئی آر بھی درج نہیں ہوسکی ہے۔ پولیس کے مطابق مقتولہ کا پوسٹمارٹم کرا رہے ہیں۔
پولیس کو دیئے گئے بیان میں مقتولہ کی بیٹی کا کہنا تھا کہ امی نے موبائل فون لینے کا بولا تھا، جس پر ابو نے ان کو کلہاڑی سے مارا۔
اس سلسلے میں جب سما ڈیجیٹل نے پولیس کا مؤقف جاننا چاہا تو ایس پی کامران نے ہمیں بتایا کہ مقتولہ کے گھر والے مقدمے میں غیرت کے نام پر قتل کی دفعات ( 311 سیکشن ) شامل نہیں کرانا چاہتے ہیں، تاہم واقعہ کا مقدمہ قتل کی دفع 302 تعزیرات پاکستان کے تحت درج کرائیں گے۔