پنجاب سے پی ٹی آئی ارکان قومی اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹی فکیشن معطل
لاہورہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کے پنجاب سے ارکان قومی اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن تاحکم ثانی معطل کردیا۔
پی ٹی آئی کے 70 ارکان قومی اسمبلی نے استعفے منظورکرنے کے خلاف ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے تحریک انصاف کے مستعفی ایم این ایز کی درخواست پر سماعت کی۔
لاہور ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کے پنجاب سے ارکان قومی اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا الیکشن کمیشن کا نوٹی فکیشن تاحکم ثانی معطل کردیا ۔
اس کے علاوہ ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کو پنجاب کے متعلقہ حلقوں میں ضمنی الیکشن بھی روکنے کا حکم دے دیا ہے۔
عدالت عالیہ نے الیکشن کمیشن، اسپیکر قومی اسمبلی اور دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 7 مارچ تک ملتوی کر دی۔
معاملے کا پس منظر
گزشتہ برس تحریک انصاف کی حکومت کے عدم اعتماد کے ذریعے خاتمے کے بعد پی ٹی آئی نے قومی اسمبلی سے استعفے دے دیئے تھے۔
کئی ماہ بعد رواں برس قومی اسمبلی کے اسپیکر نے تحریک انصاف کے ارکان کے استعفے منظور کرلیے لیکن پی ٹی آئی کے ارکان نے موقف اختیار کیا کہ انہوں نے اپے استعفے واپس لے لئے ہیں، استعفوں کی منظوری پر اسپیکر نے قانونی تقاضے پورے نہیں کئے ہیں۔