ترکیہ: ملبے سے 11 روز بعد 3 افراد کو زندہ نکال لیا گیا
ترکیہ میں خوفناک زلزلے کو 11 روز گزر گئے، ریسکیو ٹیموں نے امدادی سرگرمیاں جاری رکھی ہوئی ہیں، عمارتوں کے ملبے سے 260 گھنٹے بعد 14 سالہ لڑکے سمیت 3 افراد کو زندہ نکال لیا گیا۔
ترکیہ کے وزیر نے جمعہ کو بتایا کہ زلزلے کے 11 دن بعد ترک ریسکیو اہلکاروں نے ایک 14 سالہ لڑکے اور 2 مردوں کو ریسکیو کرلیا۔
وزیر صحت فرحتین کوکا نے ٹوئٹر پیغام میں بتایا کہ 14 سالہ عثمان کو 260 گھنٹوں بعد ریسکیو کیا گیا ہے۔
انہوں نے عثمان کی ایک تصویر شیئر کی میں وہ آنکھیں کھولے اسٹریچر پر لیٹا ہوا ہے، ترک وزیر کا کہنا ہے کہ لڑکے کو انطاکیہ کے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق عثمان کو ریسکیو کئے جانے کے ایک گھنٹے بعد انطاکیہ میں 26 اور 33 برس کے 2 مردوں کو بھی ملبے سے زندہ نکال لیا گیا۔
حکام کے مطابق 6 فروری کو 7.8 شدت کے آنیوالے تباہ کن زلزلے سے اب تک 42 ہزار سے زائد افراد لقمۂ اجل بن چکے ہیں۔