اقوام متحدہ کی ترکیہ زلزلے کے متاثرین کیلئے ایک ارب ڈالر امداد کی اپیل
اقوام متحدہ نے ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کیلئے ایک ارب ڈالر امداد کی اپیل کی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جمعرات کو اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ایک بیان میں ترکیہ زلزلے کے متاثرین کیلئے ایک ارب ڈالر امداد کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یہ فنڈز 52 لاکھ افراد کو 3 ماہ کیلئے مدد فراہم کریں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ اس رقم سے امدادی تنظیموں کو خوراک، تحفظ، تعلیم، پانی اور پناہ گاہ کے شعبوں میں اپنے کام کو تیزی سے بڑھانے میں مدد ملے گی۔
انتونیو گوتریس نے مزید کہا ہے کہ زلزلہ متاثرین کی ضرورتیں بہت زیادہ ہیں، لوگ تکلیف میں ہیں اور وقت ضائع نہیں کیا جاسکتا۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ بین الاقوامی کمیونٹی پر زور دیتا ہوں کہ وہ آگے آئے اور ہمارے دور کی سب سے بڑی قدرتی آفات میں سے ایک کیلئے فنڈ فراہم کرے۔