ویراٹ کوہلی دنیا کے بہترین بیٹر ہیں انہیں آؤٹ کرنا خواہش ہے، اسامہ میر

ملتان سلطانز کے بولر اسامہ میر کا سماء کو خصوصی انٹرویو
Feb 14, 2023

پی ایس ایل میں ملتان سلطان کی نمائندگی کرنے والے لیگ اسپنر اسامہ میر کا کہنا ہے کہ ویراٹ کوہلی دنیا کے بہترین بیٹر ہیں انہیں آؤٹ کرنا خواہش ہے۔

پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن میں لیگ اسپنر اسامہ میر ملتان سلطانز کی نمائندگی کررہے ہیں، گزشتہ روز ملتان سلطان ایک رن سے لاہور قلندر کے ہاتھوں شکست کھاگئی۔ میچ کے بعد اسامہ میر نے سماء سے خصوص گفتگو کی ہے جو کہ پیش خدمت ہے۔

سوال: اسامہ پی ایس ایل کا پہلا میچ تو ہوگیا لاہور قلندرز کے خلاف کیسا دیکھ رہے تھے پہلے میچ کو مایوسی تو ہوئی ہوگی کہ قریب آکر ہار گئے

جواب: پہلا میچ کسی بھی ایونٹ کا کھلاڑی ہونے کے ناطے بہت اہم ہوتا ہے، بولنگ بہت اچھی ہوئی لیکن دکھ ہوا کہ میچ فنش نہیں کرسکے، لاہور قلندرز کے بولرز کو کریڈٹ جاتا ہے جنہوں نے بہترین بولنگ کی۔

سوال: کیسا دیکھ رہے تھے جب فخر زمان کے ہاف ہٹ اور ٹاپ ایج پر چھکے لگ رہے تھے اس وقت دکھ تو ہورہا ہوگا کہ یار پوری شاٹ نہیں مار رہا اور چھکے لگ رہے ہیں؟

جواب: اس کا کوئی حل نہیں ہے جب ٹاپ ایج پر چھکے لگ رہے ہوتے ہیں، فخر زمان کو کریڈٹ جاتا ہے کہ وہ دلیری کے ساتھ کرکٹ کھیل رہے ہوتے ہیں تو اس طرح کی شاٹس لگ جاتی ہیں۔

سوال: آپ پی ایس ایل کھیل رہے ہیں، آپ نے ڈومیسٹک میں بھی بہترین بولنگ کی کیسا تجربہ رہا جب آپ نے انٹرنیشنل کرکٹ میں قدم رکھا اور ڈیبیو کیا اور شاہد آفریدی نے آپ کو سلیکٹ کیا اور ٹویٹ آپ نے کیا کہ یہ کیا ہوگیا کیسے ہوگیا؟

جواب: انسان کے پلان کچھ اور ہوتے ہیں اللہ کا پلان کچھ اور ہوتا ہے کافی عرصے سے کھیل رہا تھا، جب ممکنہ اسکواڈ کا اعلان کیا گیا تو اس میں بھی میرا نام نہیں تھا اس وقت سوچا ہی نہیں تھا کہ میرا نام ٹیم میں آئے گا، اللہ کا شکر جس نے عزت سے نوازا اور ڈیبیو پر بہترین بولنگ کی، پی ایس ایل کو کریڈٹ جاتا ہے جس نے پریشر میں کھیلنا سکھایا۔

سوال: جب سب سے پہلے آپ کا نام ون ڈے کے لئے آیا گھر والوں کے جذبات کیا تھے اور کیرئیر کا اسٹارٹ کیسے کیا؟

جواب: شروع میں اتار چڑھاؤ بہت آئے ،کبھی میچز نہیں ملتے تھے کبھی بینچ پر رہنا لیکن ہمیشہ پازیٹو رہا کہ ہمت نہیں ہارنی، میرے کافی دوست ہمت ہار کر امریکا چلے گئے، میرے پاس بھی آفر تھی لیکن میں نہیں گیا، میں نے اس وقت بھی یہی سوچا کہ اپنے ملک کے لئے کھیلوں گا، میرے ابو کی بہت خواہش تھی کہ میں انٹرنیشنل کھیلوں، جب میرا نام آیا تو میں نے گھر والوں کو بتایا تو سب رونے لگ گئے تھے، کسی کو یقین نہیں آرہا تھا کہ میرا نام پاکستان ٹیم کے لئے آگیا ہے، میرے ابو فوت ہوچکے ہیں ان کی بہت خواہش تھی جب نام آیا تو بہت جذباتی ہوگیا انہیں بہت یاد کیا۔

سوال: اسامہ ہم نے عموماً دیکھا ہے کہ اسپنر قد میں چھوٹے ہوتے ہیں لیکن آپ کا قد تو فاسٹ بولر جتنا ہے،دل نہیں کرتا تھا کہ فاسٹ بولر بنوں اسپنر کیسے بن گئے؟

جواب: میری خواہش تھی کہ میں فاسٹ بولر ہوتا لیکن شروع سے لیگ اسپن بولنگ کرتا تھا، ٹینس بال سے بھی لیگ اسپن بہت زیادہ ہوتا تھا، جس سے لیگ اسپن میں بہت مزہ آنے لگ گیا، راشد خان اور عمران طاہر کو دیکھتا ہوں اور ان سے سیکھتا ہوں، شین وارن اور شاہد آفریدی کو دیکھ کر بولنگ سیکھی، یہ میرے فیورٹ کرکٹر ہیں۔

سوال: کس بیٹر کو دل کرتا ہے کہ یہ میرے سامنے آئے تو اسے آآٹ کرنا چاہوں گا؟

جواب: ویراٹ کوہلی دنیا کے بہترین بیٹر ہیں انہیں آؤٹ کرنا خواہش ہے، کین ولیمسن کو آؤٹ کرنا بھی خواہش تھی جو اللہ نے پوری کردی۔

سوال: بابر اعظم کھلاڑی اور کپتان کیسے لگے؟

جواب: میرا یہ ماننا ہے کہ مجھے بابر اعظم سے بڑا پاکستان میں کوئی بیٹر نہیں لگا، دل کرتا ہے جب بابر اعظم بیٹنگ کرے تو وقت ختم ہی نہ ہو ان کو دیکھتا جاؤں، کپتانی میں بھی بابر اعظم بہت سپورٹیو (تعاون کرتے) ہیں ، سمجھاتے ہیں اور اپنے کھلاڑیوں کے لئے کھڑے ہوتے ہیں، بابر اعظم ایک وقت میں بہترین کپتان بھی بنیں گے.

سوال: ہم نے ناقدین کو بھی دیکھا ہے کہ بابر اعظم پر کڑی تنقید کرتے ہیں کہا جاتا ہے کہ تینوں فارمیٹ کا الگ کپتان ہونا چاہیے۔

جواب: جب آپ ایسے عہدے پر ہوتے ہیں تو چاہنے والے تو ہوتے ہیں لیکن اس سے زیادہ ناقدین بھی ہوتے ہیں لیکن میں نہیں سمجھتا بابر اعظم ان سب لوگوں کی باتوں پر دھیان دیتا ہوگا۔ کھلاڑی ہونے کے ناطے ہمیں چاہیے کہ اپنے کپتان کا ساتھ دیں، اس کے فیصلے کی حمایت کریں۔

سوال: محمد رضوان ملتان سلطانز کے کپتان ہیں ان کے چہرے پر کوئی ٹینشن نظر نہیں آتی ان کی کپتانی کو کیسا دیکھتے ہیں؟

جواب: محمد رضوان کے بارے میں کہنے کے لئے الفاظ نہیں ہیں، جب ڈیبیو ہوا تو انہوں نے بہت سپورٹ کیا، محمد رضوان چاہتے ہیں کہ ہر کھلاڑی پرفارمنس دے۔

Multan Sultans

PSL8

PSL2023

multan sultans

usama mir

Tabool ads will show in this div