لاہور ہائیکورٹ کی الیکشن کمیشن کو پنجاب میں انتخابات کی تاریخ دینے کی ہدایت

عدالت عالیہ نے پاکستان تحریک انصاف کی درخواست منظور کرلی

لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کی درخواست منظور کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو پنجاب اسمبلی کے انتخابات کی تاریخ دینے کی ہدایت کردی۔

لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب میں الیکشن کی تاریخ سے متعلق پاکستان تحریک انصاف کی درخواست پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سنادیا، مکمل فیصلے کی کاپی بھی جاری کردی گئی۔

پنجاب میں الیکشن کی تاریخ سے متعلق فیصلہ جسٹس جواد حسن نے لکھوایا، تحریری فیصلہ لاہور ہائیکورٹ کی ویب سائٹ پر بھی جاری کیا جائے گا۔

لاہور ہائیکورٹ کا اپنے مختصر فیصلے میں کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن 90 روز کے اندر پنجاب اسمبلی کے الیکشن کروائے۔

لاہور ہائیکورٹ نے اپنے 16 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلے میں اعلیٰ عدالتوں کے فیصلوں کے حوالے بھی دیئے ہیں۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن قانون کے مطابق الیکشن کرانے اور انتظامات کرانے کا پابند ہے، آئین کا آرٹیکل 220 وفاقی اور صوبائی اداروں کو الیکشن کمیشن کی معاونت کا پابند کرتا ہے، الیکشن کمیشن قانون کے مطابق الیکشن کا انعقاد کرائے۔

لاہور ہائیکورٹ کا مزید کہنا ہے کہ گورنر کے دستخط کے بغیر اسمبلی تحلیل ہو تو اس صورت میں آئین نے کسی اتھارٹی کو تاریخ دینے کا پابند نہیں کیا۔

کیس کی سماعت کے دوران چیف سیکریٹری پنجاب، آئی جی پنجاب اور صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب سعید گل عدالت میں پیش ہوئے۔

چیف سیکریٹری اور آئی جی پنجاب نے عدالت کو بتایا کہ ہم نے اپنی تجاویز الیکشن کمیشن کو دیدی ہیں، ہم الیکشن کمیشن اور عدالت کے فیصلے کے پابند ہیں اور آئین کے آرٹیکل 220 پر عملدرآمد کے پابند ہیں۔

لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس جواد حسن نے کہا کہ عدالت کو بس آپ کی یقین دہانی چاہئے تھے۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے جنوری میں پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیاں تحلیل کردی تھیں، دونوں صوبوں میں نگراں حکومتیں قائم ہوچکی ہیں تاہم اب تک الیکشن کمیشن نے صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کیلئے تاریخ نہیں دی۔

دوسری جانب پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں کے انتخابات کی تاریخ کے اعلان کیلئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بھی الیکشن کمیشن آف پاکستان کو ایک خط لکھا تھا۔

Punjab Elections

LAHORE HIGHCOURT

PAKISTAN TEHRIK-E-INSAAF (PTI)

punjab assembly election

تبولا

Tabool ads will show in this div

تبولا

Tabool ads will show in this div