پشاور کو لاہور بنانے کا کہنے والے نے لاہور کو بھی پشاور بنادیا، مریم نواز
مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز کا کہنا ہے کہ پشاور کو لاہور بنانے کا کہنے والے نے لاہور کو بھی پشاوربنادیا۔
ایبٹ آباد میں پارٹی کے کارکنوں سے خطاب کے دوران مریم نواز نے کہا کہ سب گواہ ہیں خیبر پختونخوا میں ہمارے جتنے بڑے جلسے ہوئے اتنے کبھی نہیں ہوئے، اس صوبے کو فنڈز کی نہیں خدمت سے سرشار قیادت کی ضرورت ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ آنکھیں ترس گئیں لیکن خیبر پختونخوا میں عمران خان کا کوئی منصوبہ نظرنہیں آیا، پشاور کو لاہور بنانے کا کہنے والے نے لاہور کو بھی پشاوربنادیا۔
عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کیا گیا، ایک ہزار نوکریاں ہی دکھادو، 300 ڈیم بنانے والا خیبر پختونخوا کو ڈیم فول بنا کر چلاگیا، خیبرپختونخوا میں10سال احتساب کے ادارے کو تالہ لگارہا اور جیلیں بھرنے کا دعویٰ کرنے والے اپنی جیبیں بھرتے رہے۔
مسلم لیگ (ن) کی رہنما کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نواز شریف کے ساتھ زیادتی ہوئی، وہ اب یہ بھی بتادیں کہ نواز شریف کو کس نے نکالا؟ نوازشریف کو نکالنے والے گروہ کا سرغنہ عمران خان ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ آج عمران خان کو مہنگائی یاد آرہی ہے، وہ آج کس مہنگائی کا رونا رو رہے ہیں ،یہ مہنگائی ان کی وجہ سے ہے عمران خان نے ملک کو آئی ایم ایف کے حوالے کرنے کے بعد معاہدہ پھاڑ دیا اور بنی گالہ کے بنکر میں جاکر بیٹھ گیا، آگ بجھانے والے سے پوچھا جارہا ہے،آگ لگانے والوں سے بھی پوچھا جائے۔
مسلم لیگ (ن) کی رہنما کا کہنا تھا کہ عمران خان نے 4 مہینے سے ٹانگ پر پلاسٹر لگایا ہوا ہے، عدالت بلاتی ہے تو ٹانگ پر پلاسٹر ہے، پنڈی میں جلسہ کرنا ہو تو چلے جاتے ہیں، تمہیں پلاسٹر نہیں، تمہارے کیے گئے جرائم عدالت جانے سے روکتے ہیں۔
رہنما ن لیگ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اقتدار سے نکلنے کےبعد کہا کہ سازش ہوئی، یہ سازش امریکا سے ہوتے ہوئے محسن نقوی تک آگئی، عمران خان کہتا ہے کہ ایجنسیاں مارنا چاہتی ہیں، کچھ دن پہلے کہا کہ آصف زرداری نے مروانے کی سازش کی،عمران خان خود کو اتنا اہم کیوں سمجھتے ہیں کہ دنیا ان کو ہی مروانا چاہتی ہے؟