صدر مملکت سے عمران خان کی ملاقات آج ہوگی
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی دو روزہ دورے پر آج بروز جمعرات 9 فروری کو لاہور پہنچ گئے ہیں۔ دورے کے دوران صدرِ پاکستان کی عمران خان سے ملاقات کا امکان ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی جمعرات 9 فروری کی دوپہر 2 بجے لاہور پہنچے۔ لاہور آمد پر صدرعارف علوی مختلف تقریبات میں شریک ہوں گے۔
لاہور میں قیام کے دوران عارف علوی سے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان بھی ملاقات کریں گے۔ ملاقات میں موجودہ سیاسی صورت حال سمیت دیگر امور پر بات چیت کی جائے گی۔
صدر عارف علوی عمران خان کی طبعیت دریافت کریں گے، جب کہ الیکشن کی تاریخ کے حوالے سے بھی بات چیت کی جائے گی۔
اسی سلسلے میں گزشتہ روز صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے دو صوبوں میں الیکشن کی تاریخ کے اعلان کے لیے چیف الیکشن کمشنرسکندر سلطان راجہ کو خط بھی لکھا۔ صدر مملکت کی جانب سے بھیجے گئے خط میں کہا گیا کہ الیکشن کی تاریخ کا فوری اعلان کریں،آئین تاخیر کی اجازت نہیں دیتا۔
واضح رہے کہ سرکاری سطح پر ملاقات سے متعلق کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔