کاجول کا اسپاٹ بوائے بنا ، تبو کی ساڑھیاں استری کیں ، روہت شیٹھی
بالی وڈ کے مقبول ہدایت کار اور رئیلیٹی شو خطروں کے کھلاڑی کے میزبان روہت شیٹی نے انڈسٹری میں اپنی جدوجہد کے حوالہ سےبتایا کہ انہوں نے کاجول کے اسپاٹ بوائے کی حیثیت سے بھی کام کیا ۔
حال ہی میں ہندوستان کے سب سے مشہور ایکشن ڈائریکٹر روہت شیٹی نے بھارتی میڈیا سے انڈسٹری میں اپنے جدوجہد کے حوالہ سے بات کی ۔ انہوں نے بتایا کہ کس طرح انہیں اپنے والد کی موت کے بعد فیملی کی کفالت کے لیے تعلیم چھوڑنی پڑی ۔ ان کا کہنا تھا لوگ سمجھتے ہیں کہ فلم انڈسٹری کا سفر میرے لیے آسان رہا ہوگا ۔ جب میں نے کام کرنا شروع کیا تو مجھے صرف 35 روپے ملتے تھے ۔ کئی بار ایسا ہوا کہ مجھے کھانے اور سفر میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا پڑا ۔ کبھی میں کھانا چھوڑتا اور کبھی سفر چھوڑنا پڑتا ۔
ایک شہر سے دوسرے شہر کڑھتی دھوپ میں پیدل سفر کرنا پڑتا تھا ۔ سفرکافی لمبا ہوتا تھا جسے طے کرنے میں ڈیرھ سے دو گھنٹے لگ جاتے تھے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ 1995 میں ریلیز ہونے والی فلم حقیقت میں اسٹنٹ کے شعبے میں کام کرتے تھے جہاں انہیں اداکارہ تبو کی ساڑھیاں استری کرنی پڑتی تھیں ۔
روہت نے اپنے کیریئر کا آغاز بطور اسسٹنٹ ڈائریکٹر 1991 میں اجے دیوگن کی پہلی فلم پھول اور کانٹے سے کیا ۔ پھر انہوں نے اجے کی مرکزی کردار والی متعدد فلموں کے لیے بطور ایسوسی ایٹ ڈائریکٹر کام کیا جن میں پیار تو ہونا ہی تھا ، راجو چاچا ، ہندوستان کی قسم اور سہاگ شامل ہیں ۔