تحریک انصاف کے 43 ایم این ایز کے استعفے منظور کرنیکا حکم معطل

استعفے منظور کرنے سے قبل قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے

لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے تینتالیس ایم این ایز کے استعفے منظور کرنے کا حکم معطل کر دیا ہے۔

جسٹس شاہد کریم نے آج بروز بدھ 8 فروری کو تحریک انصاف کے 43 مستعفیٰ اراکین قومی اسمبلی کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ ممبران اسمبلی نے استعفیٰ منظور ہونے سے قبل ہی واپس لے لیے تھے۔

دوران سماعت پی ٹی آئی اراکین کے وکیل بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ استعفے منظور کرنے سے قبل قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے۔ جسٹس شاہد کریم نے بیرسٹر علی ظفر سے استفسار کیا کہ بتائیں کس قانون کو فالو نہیں کیا گیا؟۔ بیرسٹر علی ظفر نے استعفے منظور کرنے کے طریقہ کار کے بارے میں عدالت کو آگاہ کیا۔

بعد ازاں عدالت نے پی ٹی آئی کے 43 اراکین قومی اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا الیکشن کمیشن کا حکم معطل کرتے ہوئے 43 حلقوں میں ضمنی الیکشن تاحکم ثانی روک دیا۔ لاہور ہائی کورٹ نے اس حوالے سے جواب طلب کرنے کے لیے الیکشن کمیشن سمیت دیگر فریقین کو نوٹسز بھی جاری کردیے۔

واضح رہے کہ 2 فروری کو لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کی جانب سے 43 اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور کرنے کے اقدام کے خلاف دائر درخواست سماعت کے لیے مقرر کی تھی۔

یہاں یہ بات بھی قبل ذکر ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے 43 اراکین کے استعفے منظور کرنےکا اقدام لاہور ہائی کورٹ میں چلینج کیا تھا۔

تحریک انصاف کے ریاض فتیانہ سمیت 43 ارکان قومی اسمبلی نے بیرسٹر علی ظفر کے ذریعے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی اور اسپیکر قومی اسمبلی کے اقدام کو چلینج کیا تھا۔ تحریک انصاف کے سابق اراکین اسمبلی نے درخواست میں اسپیکر کے 22 جنوری اور الیکشن کمیشن کے 25 جنوری کے نوٹی فکیشن چیلنج کیے تھے۔

سابق اراکین نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ استعفے واپس لینے کے بعد اسپیکر کے پاس اختیار نہیں کہ وہ اسے منظور کریں، اراکین اسمبلی کے استعفے منظور کرنا خلاف قانون اور بدنیتی پر مبنی ہے۔

درخواست میں یہ بھی کہا گیا کہ اراکین قومی اسمبلی کے استعفے عدالت عظمیٰ کے طے کردہ قوانین کے برعکس منظور کیے گیے، اسپیکر قومی اسمبلی نے سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کے لیے استعفے منظور کیے۔

پسِ منظر

گزشتہ ماہ 25 جنوری کو اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مزید 43 اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور کیے جانے کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انہیں ڈی نوٹیفائی کردیا تھا۔ اسپیکر قومی اسمبلی کے اس اقدام سے 2 روز قبل ہی پاکستان تحریک انصاف کے باقی 45 اراکین قومی اسمبلی نے اپنے استعفے واپس لینے کی درخواست الیکشن کمیشن میں جمع کرائی تھی۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جن 43 اراکین کو ڈی نوٹیفائی کیا گیا تھا ان میں محمد یعقوب شیخ، گل ظفر خان، جواد حسین، ذالقرنین علی خان، حاجی امتیاز احمد، ملک محمد احسان اللہ ٹوانا، رضا نصرالدین، محمد ریاض خان، محمد یعقوب سلطان، محمد امیر سلطان، راحت امان اللہ، رائے محمد مرتضیٰ اقبال، میاں محمد شفیق، فاروق اعظم ملک شامل تھے۔

دیگر اراکین میں جاوید اقبال، شبیر علی، خواجہ شیراز، سردار محمد خان لغاری، سردار نصراللہ دریشک، منزہ حسان، ڈاکٹر سیمیں عبدالرحمان ، ثوبیہ کمال، نوشین حامد، ربینہ جمیل، فوزیہ بہرام، رخسانہ نوید، تاشفین صفدر، صائمہ ندیم، غزالہ سیفی، نصرت واحد، نفیسہ عنایت اللہ، ساجدہ بیگم، طارق صادق، نورین فاروق، عظمیٰ ریاض، ظلِ ہما، شاہین ناز سیف اللہ، لال چند، شنیلا رتھ، جئے پرکاش اور جمشید تھومس شامل تھے۔

پی ٹی آئی کی جانب سے یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا تھا جب 17 جنوری کو اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے پاکستان تحریک انصاف کے 34 اراکین اسمبلی کے استعفے منظور کرنے کے تین روز بعد یعنی 20 جنوری کو اس کے مزید 35 اراکین کے استعفے منظور کرلیے تھے۔

یوں پی ٹی آئی کے تمام 122 اراکین قومی اسمبلی کے استعفے چار مراحل میں منظور ہوگئے تھے۔ پی ٹی آئی نے گزشتہ سال اپریل میں پی ٹی آئی سربراہ عمران خان کی برطرفی کے بعد پارلیمنٹ کے ایوان زیریں سے اجتماعی استعفے دے دیے تھے۔ بعد ازاں اسپیکر قومی اسمبلی نے صرف 11 ارکان کے استعفے منظور کیے تھے اور کہا تھا کہ باقی ارکان اسمبلی کو تصدیق کے لیے انفرادی طور پر طلب کیا جائے گا، جب کہ کراچی سے رکن اسمبلی شکور شاد نے اپنا استعفیٰ واپس لے لیا تھا۔

LAHORE HIGHCOURT

PTI RESIGNATIONS

SPEAKER NA RAJA PERVEZ ASHRAF

تبولا

Tabool ads will show in this div
منور علی انصاری Feb 08, 2023 06:43pm
پاکستان میں کیا ہو رہا ہے سمجھ نہیں آ رہا ۔۔۔۔اللّٰہ خیر کرے ۔۔

تبولا

Tabool ads will show in this div