ترکیہ زلزلہ: وزیراعظم نے ریلیف فنڈ قائم کردیا، کابینہ اراکین کا تنخواہ عطیہ کرنیکا اعلان

ترکیہ اور شام میں زلزلے سے اموات، تباہی پر دکھ اور افسوس ہے، شہباز شریف

وزیراعظم نے ترکیہ میں زلزلے زدگان کی امداد کیلئے ریلیف فنڈ قائم کردیا، وفاقی کابینہ کے ارکان نے ایک ماہ کی تنخواہ جبکہ گریڈ 18 سے 22 کے افسران نے ایک دن کی تنخواہ عطیہ کرنے کا اعلان کردیا۔ شہباز شریف کہتے ہیں کہ پاکستان اور ترکیہ یک جان دو قالب ہیں، تمام پاکستانی امداد میں بڑھ چڑھ کر حصہ ڈالیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے ترکیہ میں زلزلہ زدگان کی امداد کیلئے ریلیف فنڈ قائم کردیا۔ انہوں نے تمام پاکستانیوں سے ریلیف فنڈ میں بڑھ چڑھ کر حصہ ڈالنے کی اپیل کی ہے۔

وزیراعظم ریلیف فنڈ برائے متاثرینِ زلزلہ ترکیہ کیلئے اکاؤنٹ نمبر ’’جی۔12166‘‘ کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے، عوام اس میں اپنے عطیات جمع کراسکتے ہیں۔

وفاقی کابینہ کے اراکین نے زلزلہ دگان کی مدد کیلئے اپنی ایک ماہ کی تنخواہ جبکہ گریڈ 18 سے 22 تک کے سرکاری ملازمین نے ایک دن کی تنخواہ عطیہ کرنے کا اعلان کردیا۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ترکیہ اور شام میں زلزلے کے دوران جاں بحق ہونیوالوں کی مغفرت، اہل خانہ کیلئے صبر جمیل جبکہ زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ترکیہ اور شام میں زلزلے سے اموات اور تباہی پر دکھ اور افسوس ہے، پاکستان اور ترکیہ یک جان دو قالب ہیں، ترکیہ 2022ء سیلاب کے دوران پاکستانی بھائیوں کی مدد میں پیش پیش رہا، پاکستانی قوم ترک بہن بھائیوں کو مصیبت میں اکیلا نہیں چھوڑے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بتایا کہ وہ کل زلزلہ زدہ علاقوں کے دورے کیلئے ترکیہ روانہ ہورہے ہیں۔

کابینہ اجلاس میں فیصلے

وفاقی کابینہ نے صدر نیشنل بینک کی تقرری کا عمل از سر نو شروع کرنے کی بھی منظوری دیدی۔

وفاقی کابینہ نے قانون فوجداری (ترمیمی) بل 2023ء کے متعلق کابینہ کمیٹی قائم کردی، جو بل کے مسودے کا بغور جائزہ لیکر رپورٹ اگلے اجلاس میں پیش کرے گی۔ کمیٹی میں وفاقی وزراء راناء ثناء اللہ، اعظم نذیر تارڑ، ایاز صادق اور اتحادی نمائندے شامل ہونگے۔

FEDERAL CABINET

pm shehbaz sharif

SYRIA EARTHQUAKE

TURKIYE EARTHQUAKE

تبولا

Tabool ads will show in this div

تبولا

Tabool ads will show in this div