پاکستانی خاتون نے برطانیہ میں برین آف دی ایئر ایوارڈ جیت لیا
پاکستانی خاتون ثانیہ عالم نے برطانیہ میں برین آف دی ایئر ایوارڈ اپنے نام کرلیا۔
ثانیہ عالم کو برطانوی برین ٹرسٹ کی جانب سےایوارڈ دیا گیا، تنظیم کی جانب سے 15 ممالک کے مرد و خواتین میں ذہانت کا مقابلہ کرایا گیا تھا جس میں پاکستانی خاتون فاتح قرار پائیں۔
ثانیہ عالم کو یہ ایوارڈ ہفتہ کو ٹرسٹ کے چیئرمین اور گرینڈ شطرنج کے ماسٹر ریمنڈ کین او بی ای نے لندن میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران پیش کیا، ثانیہ یہ ایوارڈ جیتنے والی پہلی پاکستانی خاتون ہیں، اس سے قبل پاکستانی مصنف عارف انیس کو بھی یہ ایوارڈ مل چکا ہے۔
معروف سائنس دان پروفیسر اسٹیفن ہاکنگ بھی یہ ایوارڈ لے چکے ہیں۔
واضح رہے کہ برین ٹرسٹ کی بنیاد 1990 میں مائنڈ میپس کے موجد ٹونی بوزان نے رکھی تھی جو ہر سال دنیا کے بہترین دماغ رکھنے والوں کو ایوارڈ سے نوازتا ہے۔
ثانیہ عالم اس سے قبل 4 گنیز ورلڈ ریکارڈ کے ساتھ ورلڈ میموری، ورلڈ اسپیڈ ریڈنگ اور ورلڈ مائنڈ میپنگ چیمپئن شپ میں بھی کامیابیاں سمیٹ چکی ہیں۔
2022 میں ثانیہ عالم کو وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے یوتھ ایکسیلنس ایوارڈ سے بھی نوازا تھا جبکہ وہ 2021 میں امریکی صدر جو بائیڈن سے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ بھی حاصل کرچکی ہیں۔
ثانیہ عالم اس وقت وزیراعظم کی نیشنل یوتھ کونسل آف پاکستان کے 33 ممبران میں شامل ہیں جس کا مقصد نوجوانوں کو پالیسی سازی میں شامل کرنا ہے۔
ثانیہ عالم پاکستان اور امریکا سمیت مختلف ممالک میں فیوچرسٹک لرننگ انسٹی ٹیوٹ چلاتی ہیں جس کا بنیادی مقصد لوگوں کی دماغی صلاحیتوں کو کھولنے میں مدد کرنا ہے، وہ ملٹی نیشنل کمپنیزکے ایگزیکٹوز کو انکی صلاحیتیں بہتر بنانے کیلئے ٹریننگ بھی فراہم کرتی ہیں۔