ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران محلے داروں اور عملے کا جھگڑا، اداکاروں پر حملے کا مقدمہ درج
کراچی کے علاقے پی آئی بی کالونی میں ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران اہل محلہ اور عملے کے درمیان جھگڑا ہوگیا۔
کراچی کے علاقے پی آئی بی کالونی میں پیر اور منگل کی درمیانی رات ایک ڈرامے کی شوٹنگ جاری تھی، اس موقع پر ہدایتکار نبیل قریشی، اداکار مانی ، ان کی اہلیہ حرا مانی اور دیگر موجود تھے۔
شوٹنگ کے دوران محلے والوں کی بڑی تعداد وہاں پہنچی اور شوٹنگ رکوانے کی کوشش کی، اسی دوران عملے اور محلے والوں کے درمیان جھگڑا ہوگیا۔
علی حسین ولد آفاق حسین کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ جمشید کوارٹر تھانےمیں درج کرلیا گیا ہے۔
پولیس نے عملے پر تشدد کے الزام میں 6 افراد کو گرفتار کرلیا ہے، گرفتار افراد کی شناخت محمد علی ولد محمد اسماعیل، عبدالقادر ولد محمد اسماعیل، اویس ولد محمد علی، رحمت علی ولد محمد اسلم، زمل ولد محمد علی اور سید قریب ولد سید کمال کے نام سے ہوئی ہے۔
اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ رات گئے شوٹنگ اور اس دوران ہونے والے شور شرابے کے حوالے سے اہل محلہ خاص طور پر گھر کے پڑوسیوں کو اختلاف تھا، واقعہ بھی اسی وجہ سے ہوا ہے۔
ہدایت اکار نبیل قریشی نے واقعے کے حوالے سے اپنی ٹوئٹ میں دعویٰ کہا کہ پی آئی بی کالونی میں شوٹنگ کے دوران ان پر حملہ کیا گیا، مسلح افراد اس گھر میں زبردستی گھسے جہاں ہم شوٹنگ کررہے تھے۔ انہوں نے خواتین اور اداکاروں کو ہراساں کیا، عملے سے بدتمیزی کی اور موبائل سمیت دیگر سامان بھی چوری کرلیا ۔
ایک اور ٹوئٹ میں نبیل قریشی نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ سندھ پولیس اور رینجرز ان لوگوں کے خلاف سخت ایکشن لیں اور اس کی مثال بنائیں میں اداکاروں ار پروڈیوسرز سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہم میں سے کسی کے ساتھ ایسا دوبارہ نہ ہو۔