پاکستان سے امدادی سامان کی ترکیہ روانگی شروع

وزیراعظم شہباز شریف کا بدھ کو ترکیہ کا دورہ کرنیکا فیصلہ

پاکستان سے امدادی سامان کی ترکیہ روانگی شروع ہوگئی، وزیراعظم شہباز شریف نے بدھ کو زلزلے سے متاثرہ ترکیہ کا دورہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر خصوصی طیارہ امدادی سامان لیکر ترکیہ روانہ ہوگیا، چکلالہ ایئر بیس سے روانہ سی 130 طیارے میں آرمی کی سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم لیکر روانہ ہوئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق 7 فروری کی صبح پی آئی اے کی پرواز سے 50 افراد اور 15 ٹن سامان ترکیہ روانہ ہوگا جس میں ریسکیو 1122 کے اہلکار بھی شامل ہوں گے، لاہور سی 130 طیارہ 7 ٹن امدادی سامان لے کر استنبول جائے گا۔

پاکستان کی جانب سے ترکیہ بھیجی جانیوالے امدادی سامان میں سردی میں استعمال ہونیوالے خیمے، کمبل اور دیگر اشیائے ضروریہ شامل ہیں۔

حکومت پاکستان نے 8 فروری سے ہر روز اسلام آباد اور لاہور سے 15 ٹن امدادی سامان ترکیہ اور شام بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے، جس میں وزارت صحت اور آرمی میڈیکل ٹیمیں بھی شامل ہوں گی۔

وزیراعظم کا ترکیہ کے دورے کا فیصلہ

وزیراعظم شہباز شریف نے بدھ کو ترکیہ کا دورہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔

واضح رہے کہ ترکیہ میں خوفناک زلزلے سے 1500 سے زائد افراد جاں بحق اور ہزاروں زخمی ہوچکے ہیں، سیکڑوں عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں، جس کے نیچے بھی بڑی تعداد میں لوگ دبے ہوئے ہیں، امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

رپورٹ کے مطابق وزیراعظم خوفناک زلزلے سے متاثرہ ترکیہ کے علاقوں کا دورہ کرکے عوام سے اظہار یکجہتی بھی کریں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف اپنے دورے کے دوران انقرہ میں اہم حکومتی شخصیات سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔

pm shehbaz sharif

TURKEY EARTHQUAKE

Tabool ads will show in this div