ویہاڑی اور اسلام آباد کے بعد کراچی میں بھی 15 سالہ لڑکی سے اجتماعی زیادتی
کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں 15 سالہ لڑکی کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
کراچی کے تھانہ بلدیہ ٹاؤن میں سرحد کالونی کی رہائشی 15 سالہ لڑکی نے اجتماعی زیادتی کی رپورٹ درج کرائی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وہ اپنی دادی کے گھر سے نکلی تو ساجد جوجو نامی شخص نے اسے روک لیا، اس نے مدد کے لیے چیخ و پکار کی تو ملزم نے اس کے منہ پر ہاتھ رکھ دیا۔ ملزم اسے زبردستی آگے لے گیا ، جہاں ایک رکشا کھڑا تھا اور اس میں 4 لوگ موجود تھے۔
ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ ملزمان لڑکی کو زبردستی مواچھ گوٹھ کے ایک مکان میں لے گئے جہاں انہوں نے نشہ آور چیز پلا کر اسے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔ بعد ازاں ملزمان نیم بیہوشی کی حالت میں اسے پھینک کر فرار ہوگئے۔
پولیس سرجن نے طبی معائنے کے بعد لڑکی کے ساتھ اجتماعی زیادتی کی تصدیق کردی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ایف آئی آر کے مطابق فوری قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔ مقدمے میں نامزد ملزم ساجدجوجو کو گرفتار کرلیا گیا ہے جب کہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل اسلام آباد کے ایک پارک میں جواں سال لڑکی کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا، اس کے علاوہ ویہاڑی میں بھی اسی نوعیت کا واقعہ سامنے آیا ہے۔