کوئٹہ میں خود کش دھماکا، ایک شخص جاں بحق،5 افراد زخمی
کوئٹہ ( Quetta ) کے علاقے گلستان روڈ پر خود کش حملے ( Suicide Attack ) میں ایک شخص جاں بحق جب کہ پانچ زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق دھماکہ کوئٹہ کی مصروف شاہراہ گلستان روڈ پر ہوا ہے، دھماکا اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔۔ واقعے کے بعد زخمیوں کو سول اسپتال ، بے نظیر اسپتال اور سی ایم ایچ منتقل کیا گیا ۔
پولیس کے مطابق دھماکے کی اطلاع ملتے ہی بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئی ہیں، جائے وقوع سے بال بیئرنگ اور اہم شواہد اکٹھے کرلیے گئے ہیں،
پولیس کے مطابق پیدل خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا ۔ جائے وقوع سے خود کش حملہ آور کے جسمانی اعضا بھی برآمد کیے گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق دھماکے کے زخمیوں کو کوئٹہ کے مختلف اسپتالوں میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے جبکہ جاں بحق شخص کی شناخت تنویر کے نام سے ہوئی ہے ،
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ شاہراہ گلستان روڈ کا علاقہ کوئٹہ کے حساس ترین علاقوں میں شمار ہوتا ہے، جس کے اطراف میں اہم عمارتیں قائم ہیں۔
کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی جانب سے جاری کردہ بیان میں حملے کی ذمہ داری قبول کرلی گئی ہے، بیان میں کہا گیا ہے کہ دھماکے کا مقصد سیکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنانا تھا۔
پاکستان دہشت گردی کی نئی لہر کا شکار ہے، جس میں زیادہ تر حملے صوبہ خیبر پختونخوا میں ہوئے تاہم حملوں کا یہ سلسلہ بلوچستان، خیبرپختونخوا اور پنجاب کے سرحدی علاقے ضلع میانوالی تک بھی پہنچا۔
اس سے قبل 30 جنوری کو پیر کے روز پشاور کے ریڈ زون کے علاقے میں خودکش دھماکا ہوا تھا جہاں 300 سے 400 کے درمیان لوگ (جن میں اکثریت پولیس اہلکاروں کی تھی) نماز کے لیے جمع تھے۔