پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑیوں کے اعزاز میں عشائیہ
پاکستان سپر لیگ کی دو ٹیموں پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑیوں کے اعزاز میں وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے گورنر ہاؤس میں عشائیے کا اہتمام کیا۔ بابر اعظم کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے لوگوں سے بہت پیار ملا، عوام سے اسٹیڈیم آکر میچ دیکھنے کی بھی اپیل کردی۔
پی ایس ایل کی ٹیموں کوئٹہ گلیڈی ایٹر اور پشاور زلمی کے کھلاڑیوں کے اعزاز میں گورنر ہاؤس کوئٹہ میں وزیراعلیٰ عبدالقدس بزنجو نے عشائیہ کا اہتمام کیا، جس میں صوبائی وزراء اور اعلیٰ سول افسران نے شرکت کی۔ تقریب میں سابق کپتان شاہد آفریدی، صوبائی وزیر کھیل پنجاب وہاب ریاض، فاسٹ بولر نسیم شاہ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد بھی شریک ہیں۔
اس موقع پر قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ بلوچستان کی سیکیورٹی فورسز کا شکر گزار ہوں جنہوں نے امن و امان کی فضاء بحال کی، بلوچستان کے لوگوں کا بہت پیار ملا۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ کل سب میدان آئیں اور اپنے کھلاڑیوں کو کھیلتا دیکھیں۔ بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ملک میں ہر قسم کے کھیل کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
صوبائی وزیر کھیل عبدالخالق ہزارہ کا کہنا تھا کہ خوشی اس بات کی ہے کہ کوئٹہ میں فٹبال، ہاکی اور دیگر کھیلوں کے بعد آج کرکٹ کا میلہ سجا رہا ہے، ہماری خواہش ہے کہ ہمارے نوجوان کھیلوں کی جانب راغب ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے کھیلوں کے میدان آباد ہوں، باکسنگ ہو یا دیگر کھیل بلوچستان کے کھلاڑیوں نے اپنا لوہا منوایا ہے۔
واضح رہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان اتوار (5 فروری) کو کوئٹہ کے بگٹی اسٹیڈیم میں نمائشی میچ کھیلا جائے گا، جس کیلئے تمام تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں جبکہ تقریباً ٹکٹس بھی فروخت ہوگئے ہیں۔