اسلام آباد میں نوجوان لڑکی سے دوست کے سامنے اجتماعی زیادتی، ایف آئی آر درج
اسلام آباد کے علاقے ایف 9 میں مسلح افراد نے نوجوان لڑکی کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ متاثرہ لڑکی نے ایف آئی آر درج کرادی جس میں بتایا ہے کہ زیادتی سے قبل ملزمان نے تشدد کا بھی نشانہ بنایا۔
اسلام آباد کے تھانہ مارگلہ میں درج ایف آئی آر کے مطابق جمعرات 2 جنوری کو پراپرٹی سے متعلق کام کرنیوالی لڑکی ایف 9 پارک میں اپنے دوست کے ساتھ بیٹھی تھی کہ دو مسلح افراد وہاں پہنچے اور انہیں قریبی جنگل کی طرف لے گئے۔
لڑکی کا ایف آئی آر میں کہنا ہے کہ دونوں ملزمان نے تشدد کے بعد باری باری زیادتی کا نشانہ بنایا، جاتے ہوئے دھمکیاں دیتے رہے کہ کسی کچھ نہ بتانا اور جنگل کی طرف بھاگ گئے۔
لڑکی نے مزید کہا ہے کہ دونوں ملزمان کو سامنے آنے پر شناخت کرسکتی ہوں، مجھے انصاف فراہم کیا جائے۔
پولیس تحقیقات
پولیس حکام کے مطابق لڑکی کا پمز اسپتال میں طبی معائنہ کرنے کے بعد طبی نمونے فارنزک لیبارٹری کو ارسال کردیئے گئے ہیں، جن کی رپورٹ آنے کے بعد مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔
پارک میں لڑکی سے مبینہ زیادتی سے متعلق پولیس کا کہنا ہے کہ سیف سٹی کیمروں کی مدد سے بھی تحقیقات جاری ہیں، پارک کے تمام داخلی راستوں کی سی سی ٹی وی حاصل کرلیں، تمام 4 داخلی راستوں پر موجود سیکیورٹی گارڈز کے بیانات قلمبند کرلئے گئے۔
اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ لڑکی کے دوست کا بیان بھی قلمبند کیا جائے گا، وقوعہ کے وقت پارک میں موجود لوگوں اور انتظامیہ سے پوچھ گچھ جاری ہے، وقوعہ کے متعلق مشکوک افراد کے ڈی این اے بھی لئے جارہے ہیں۔
وفاقی پولیس نے مزید کہا ہے کہ واقعے سے متعلق کیمروں اور انٹیلی جنس کی بنیاد پر شواہد اکٹھے کئے جارہے ہیں، جلد اصل ملزمان کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
(رپورٹ: قمر المنور)