کراچی میں شہریوں نے 2 ڈاکوؤں کو زندہ جلادیا
کراچی کے علاقے نیوکراچی اجمیر نگری میں ڈکیتی کے دوران شہریوں نے 2 ڈٓاکوؤں کو پکڑ کر زندہ جلادیا۔
ایس ایس پی سینٹرل رانا معروف کا کہنا ہے کہ رکشہ اسٹینڈ پر 2 ڈاکو واردات کررہے تے کہ موقع پر موجود لوگوں نے دونوں کو پکڑ لیا، مشتعل شہریوں نے تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد دونوں ڈاکوؤں کو زندہ جلادیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں کو آگ لگانے والے 5 شہریوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے، ویڈیوز کی مدد سے ڈاکوؤں کو جلانے والے مزید لوگوں کی شناخت کررہے ہیں، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موٹر سائیکل، چھینے گئے موبائل فونز بھی ملے ہیں۔
واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی، لاشوں کو تحویل میں لے لیا گیا۔
واقعے کی ایک موبائل فوٹیج بھی منظر عام پر آئی ہے، جس میں دونوں ڈاکو مردہ حالت میں پڑے نظر آرہے ہیں اور ان کے جسم پر آگ لگی ہوئی ہے۔
ہلاک ڈاکوؤں کی شناخت
نیو کراچی میں شہریوں کے ہاتھوں جلائے گئے دونوں ڈاکوؤں کی شناخت کرلی گئی، ملزمان کا کرمنل ریکارڈ بھی سامنے آگیا ہے۔
پولیس کے مطابق شہریوں کے ہاتھوں مارا جانے والا ڈاکو نادر حسین 14 مقدمات میں پہلے بھی گرفتار ہوچکا ہے جب کہ دوسرا ڈاکو محمد عمران سرجانی تھانے میں ایک مقدمے میں گرفتار ہوچکا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مارے گئے ڈاکوؤں کے قبضے سے ملنے والی موٹر سائیکل بھی سرجانی سے چوری کی گئی۔
پولیس نے بتایا کہ زندہ جلائے جانے والے ڈاکو آج جبران نامی شہری کو لوٹ رہے تھے، جبران نے مزاحمت کی تو ڈاکوؤں نے پستول نکال لی تھی، پستول میں خرابی کے باعث گولی پھنس گئی اور چل نہ سکی، جس کے بعد ڈاکوؤں نے وہاں سے بھاگنے کی کوشش کی۔
واضح رہے کہ کراچی میں سال کے پہلے ماہ جنوری میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے 10 سے زائد شہریوں کو قتل کردیا۔