لاہور کی ٹک ٹاکر لڑکی کی لاش ملنے کا معمہ حل
لاہور کے علاقے کاہنہ سے جواں سال لڑکی کی لاش ملنے کا معمہ حل ہوگیا۔
لاہور کے علاقے کاہنہ کی رہائشی جواں سال ٹک ٹاکر لڑکی سنیہا گل کے قتل کا معمہ حل ہوگیا، قاتل مقتولہ کا دوست نکلا۔
ایس پی انویسٹی گیشن آفتاب پھلروان کے مطابق کاہنہ کے ویرانے میں قتل ہونے والی لڑکی ٹک ٹاکر اور ماڈلنگ کی شوقین تھی، سنیہا گل نامی لڑکی کی لاش 3 دسمبر کی صبح ملی تھی۔
ایس پی انویسٹی گیشن نے بتایا کہ قتل کے حوالے سے تحقیقات شروع کی گئیں، تو کلوز سرکٹ فوٹیج میں جائے وقوعہ کے قریب سرمئی رنگ کی گاڑی دکھائی دی، پولیس نے اسی رنگ کی 3 ہزار گاڑیاں چیک کیں لیکن کوئی سراغ نہ ملا۔
ایس پی آفتاب پھلروان کے مطابق لاش ملنے کے 18 دن بعد فنگر پرنٹس سے لڑکی کی شناخت ہوئی اور مقتولہ کے موبائل فون پہ ہونے والے رابطے پولیس کو قاتل تک لے گئے۔
ایس پی انویسٹی گیشن نے بتایا کہ ٹک ٹاکر سنیہا کو اس کے دوست عبداللہ نے شادی کے لیے دباؤ ڈالنے پر قتل کیا، ملزم عبداللہ کا الزام ہے کہ لڑکی شادی کے لئے بلیک میلنگ پر اتر آئی تھی، شراب کے نشے میں معلوم نہیں کیا ہوا۔
حکام نے بتایا کہ قاتل دوست لڑکی کو نشہ کروا کے جائے وقوعہ تک لایا اور 7 گولیاں ماریں، پولیس نے قتل کی واردات میں استعمال ہونے والا گلوک پسٹل اور کار بھی قبضہ میں لے کر فرانزک لیب بھجوا دی ہے۔