30 سالہ بوبی دنیا کا سب سے عمر رسیدہ کتا قرار
گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز نے 30 سالہ کتے کو دنیا کا سب سے بوڑھا قرار دے دیا۔
بوبی سے پہلے 23 سالہ سپائیک کے پاس دنیا کے عمر رسیدہ ترین کتے کا اعزاز حاصل تھا۔
گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے مطابق یکم فروری 2023 تک بوبی کی عمر 30 سال 266 دن تھی، اس نے اپنی پوری زندگی پرتگال کے علاقے لیریا کے ایک گاؤں کونکیروس میں ایک خاندان کے ساتھ گزارi ہے۔
بوبی ’ریفیرو ڈو الینتیجو‘ (Rafeiro do Alentejo ) نسل کا کتا ہے، یہ نسل یورپ میں مویشیوں کی دیکھ بھال کے لیے پالی جاتی ہے اور اس کی اوسط عمر 12 سے 14 سال ہوتی ہے۔
بوبی کی عمر کی تصدیق لیریا کے بلدیاتی ادارے کی ویٹرنری میڈیکل سروس میں 1992 کے اندراج اور پرتگال میں پالتو جانوروں کے ڈیٹا بیس سے کی گئی ہے۔
بوبی کے مالک خاندان کا کہنا ہے کہ اس کی عمر ہی معجزہ نہیں بلکہ ان کی زندگی بھی ایک معجزہ ہے، اس کے ساتھ پیدا ہونے والے تقریباً تمام جانوروں کو مار دیا گیا تھا۔
گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز کے مطابق بوبی نے اب تک کے سب سے درازعمر کتے کا تقریباً ایک صدی پرانا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ اس سے پہلے یہ اعزاز آسٹریلوی کیٹل ڈاگ ’’بلیو‘‘ کے نام تھا جو 1910 اور 1939 کے درمیان 29 سال اور 5 ماہ زندہ رہا۔