شیخ رشید کے خلاف کراچی کے تھانہ موچکو میں بھی مقدمہ درج
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کے خلاف کراچی کے تھانہ موچکو میں بھی مقدمہ درج کرلیا گیا۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کے خلاف کراچی کے تھانہ موچکو میں بھی مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
شیخ رشید کے خلاف مقدمہ چیئرمین پیپلز پارٹی کے خلاف غیراخلاقی زبان استعمال کرنے پردرج کیا گیا ہے، اور ایف آئی آر میں مؤقف پیش کیا گیا ہے کہ شیخ رشید کی تقریر سے پیپلز پارٹی کے کارکنان میں اشتعال پھیلا ہے۔
دسری جانب شیخ رشید کی گرفتاری کے لیے پولیس پارٹی تشکیل دے دی گئی، اور پولیس پارٹی کو گرفتاری کے لئے منظوری دے دی گئی ہے، جب ک ہخصوصی پولیس پارٹی شیخ رشید کو گرفتار کرنے کے لیے روانہ بھی ہوگئی ہے۔
اس سے قبل شیخ رشید کو ان کی بحریہ ٹاؤن راولپنڈی کی رہائش گاہ سے یکم فروری رات گئے اسلام آباد پولیس نے گرفتار کیا تھا اور ان کے خلاف اسلام آباد کے تھانہ آبپارہ میں مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے۔
شیخ رشید کے خلاف پاکستان پیپلز پارٹی راولپنڈی کے نائب صدر راجہ عنایت کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔ درج مقدمے میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ شیخ رشید نے سابق صدر آصف زرداری پر عمران خان کے قتل کی سازش کا الزام لگایا ہے، جس سے پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کے مابین تصادم کا خطرہ ہے اور اس سازش سے ملک کا امن بھی خراب ہوسکتا ہے۔
درج ایف آئی آر میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ شیخ رشید اپنے بیان کے ذریعے سابق صدر آصف زرداری کو بدنام کر رہے ہیں، اور ایسا کر کے وہ سابق صدر اور ان کے خاندان کے لئے بھی خطرہ پیدا کرنا چاہتے ہیں۔