امریکا کی حساس تنصیبات والے علاقے میں مشتبہ چینی ’جاسوس‘ غبارے کی پرواز
امریکا میں ایک گرم ہوا کے غبارے نے دہشت پھیلا دی ہے جس مبینہ طور پر چین کا بھیجا گیا جاسوس غبارہ کہا جارہا ہے۔
امریکی حکام کے مطابق گرم ہوا کا ایک غبارہ بدھ کے روز شمال مغرب سے امریکا کی فضئی حدود میں داخل ہوا۔ اہلکار نے غبارے کے سائز کی وضاحت نہیں کی لیکن یہ اتنا بڑا ہے کہ انتہائی اونچائی کے باوجود کمرشل پائلٹ اسے دیکھ سکتے ہیں۔
مبینہ جاسوس غبارہ ایسے مقامات سے گزرا ہے جہاں امریکا کی کئی حساس تنصیبات اور جنگی ساز و سامان موجود ہے۔ یہ غبارہ امریکی ریاست مونٹانا میں بھی دیکھا گیا ہے جہاں مالمسٹروم ایئر فورس بیس نامی فوجی اڈے پر ایٹمی میزائل موجود ہیں۔
امریکی وزارت دفاع (پینٹاگون) کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل پیٹرک رائڈر نے کہا ہے کہ اس بات کویقینی بنایا جارہا ہے کہ جاسوس غبارہ حساس معلومات جمع نہ کرسکے، یہ غبارہ فی الحال تجارتی ہوائی ٹریفک سے بہت زیادہ اونچائی پر سفر کر رہا ہے اور اس سے زمین پر موجود لوگوں کو فوجی یا جسمانی خطرہ درپیش نہیں ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ چین کو انٹیلی جنس فراہم کرنے کے لحاظ سے اس غبارے کی افادیت محدود ہے۔ امریکی حکومت نے بالواسطہ طریقوں سے چینی حکام سے رابطہ کیا ہے اور انہیں معاملے کی سنگینی سے آگاہ کیا ہے۔