روپے کی قدرمیں مزید کمی؛ انٹر بینک میں ڈالر 276.58 روپے کی تاریخی سطح پر جا پہنچا
ملک کی کرنسی مارکیٹ میں ہر گزرتے دن کے ساتھ روپیہ اپنی قدر کھوتا جارہا ہے۔
گزشتہ روز اسٹیٹ بینک نے زرمبادلہ کے ذخائرسے متعلق اعداد و شمار جاری کئے تھے جس کے مطابق پاکستان کے مجموعی زرمبادلہ کے ذخائر 10 سال کی کم ترین سطح پر آگئے ہیں۔
زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی کے ساتھ ساتھ روپے کی بے قدری کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
جمعے (3 فروری2023) کے روز انٹر بینک میں غیر ملکی کرنسی کے لین دین کے دوران ڈالر کی قدر میں مزید 6 روپے 64 پیسے اضافہ ہوا، جس کے بعد ایک ڈالر 278 روپے کی سطح پر بیچا اور خریدا گیا۔
تاہم کاروباری وقت کے اختتام پر ڈالر 5 روپے 22 پیسے بڑھ کر 276 روپے 58 پیسے پر بند ہوا۔
دوسری جانب اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر ایک روپے مہنگا ہوکر 276 روپے کا ہوگیا۔
اس طرح انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں حالیہ اضافے کے بعد اوپن مارکیٹ اور انٹر بینک میں ڈالر کی قدر برابر ہوگئی۔