رینجرز کو شہریوں کی گاڑیاں روکنے کا اختیار کس قانون کے تحت حاصل ہے، سندھ ہائیکورٹ
سندھ ہائی کورٹ نے استفسار کیا ہے کہ رینجرز کو شہریوں کی گاڑیاں روکنے کا اختیار کس قانون کے تحت حاصل ہے۔
سندھ ہائی کورٹ میں شہری اعظم خان کی گاڑی تحویل میں رکھنے کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی، عدالت نے حکومت سندھ سے رینجرز کے اختیارات سے متعلق تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔
عدالت نے ریمارکس دئیے کہ رینجرز کو شہریوں کی گاڑیاں روکنے کا اختیار کس قانون کے تحت حاصل ہے، کیا شہریوں کی گاڑیاں دہشت گردی میں استعمال ہورہی ہیں۔
سرکاری وکیل نے عدالت میں مؤقف پیش کیا کہ انسداد دہشت گردی کے قانون کے تحت پولیس کے ساتھ دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی پولیس کے اختیارات ہوتے ہیں۔
عدالت نے حکم دیا کہ ایک ہفتے میں بتایا جائے کہ صوبے میں رینجرز کو کیا اختیارات حاصل ہیں۔
عدالت نے استفسار کیا کہ متعلقہ رینجرز افسر کا تعلق کس ونگ سے ہے، رینجرز کے متعلقہ ضلع کا زمہ دار افسر کون ہے ذمہ دار افسر کے دستخط سے واقعہ کی تفصیلی رپورٹ آئندہ سماعت پر پیش کی جائے۔