پی ایس ایل 8 سے متعلق سرفراز نے اپنے عزائم بتادیئے
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ اس مرتبہ پہلا ٹارگٹ یہی ہے کہ پی ایس ایل ٹرافی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اپنے نام کرے۔
پی ایس ایل پوڈ کاسٹ پر بات کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر سے میرا گھر والا رشتہ ہے، جس کلب سے بچپن سے کھیلتا آرہا ہوں تو وہ ندیم عمر کا ہی کلب ہے۔
سرفراز احمد نے کہا کہ کوئٹہ گلیڈئیٹرز میری فیملی کی طرح ہے، سات سیزن سے کوئٹہ گلیڈئیٹرز کی طرف سے کھیلتا آرہا ہوں، معین خان میرے بچپن سے ہی آئیڈیل رہے ہیں۔
کوئٹہ کے حوالے سے وکٹ کیپر بیٹر کا کہنا تھا کہ کوئٹہ جانا بہت کم ہوا ہے لیکن جب پی ایس ایل جیتنے کے بعد کوئٹہ گئے تو لوگوں نے بہت پرتپاک استقبال کیا تھا۔
کپتان کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کا ہونا پاکستان کرکٹ کے لئے بہت خوش آئند بات ہے، پی ایس ایل سے لڑکوں کو بہت کچھ سیکھنے کو ملتا ہے، ٹی ٹوئںٹی کرکٹ میں پاکستان ٹیم کی پرفارمنس بہت اچھی ہے ، اس کی وجہ پی ایس ایل ہے جو پرفارم کرتا وہ ٹیم میں آتا ہے۔
سرفراز احمد نے کہا کہ کوئٹہ کرکٹ اسٹیڈیم کی بحالی بہت ضروری ہے، کوئٹہ میں بہت ٹیلنٹ موجود ہے اور مجھے یقین ہے پی ایس ایل اور انٹرنیشنل میچز بھی ہوں گے۔
سابق قومی کپتان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے آخری تین سیزن میں ہم نے اچھا پرفارم نہیں کیا ، کوویڈ کی وجہ سے کافی مشکلات پیش آئیں، انجریز کی وجہ سے مشکلات پیش آئیں، محمد حسنین کے بولنگ ایکشن رپورٹ ہونے کی وجہ سے کافی مشکل پیش آئی، اس مرتبہ کوشش ہوگی کہ کوئٹہ گلیڈئیٹرز کی ٹیم پہلے چار سیزن جیسے پرفارم کرے، اس مرتبہ پہلا ٹارگٹ یہی ہے کہ پی ایس ایل ٹرافی کوئٹہ اپنے نام کرے۔
سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم میں جو ہمیں سب سے زیادہ خوش رکھتا ہے وہ محمد نواز ہے، پریشر میں محمد نواز ایسی بات کرتا ہے جس سے ہنسی نکل جاتی ہے۔