آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں فواد حسن فواد بری
لاہور کی احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں نوازشریف کے سابق پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد اور دیگر کو بری کر دیا
نیب نے بحیثیت وزیر اعظم نواز شریف کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد، ان کی اہلیہ اور بھائی کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کا ریفرنس عدالت میں دائر کیا تھا۔
فواد حسن فواد اور ان کے دیگر 3 اہل خانہ پر 4 ارب 56 کروڑ روپے سے زائد کے اثاثے غیر قانونی طرعقیے سے بنانے کا الزام تھا۔
نیب نے الزام لگایا تھا کہ فواد حسن فواد نے راولپنڈی میں 50 کروڑ روپے مالیت کا کمرشل پلاٹ لیا، اس کے علاوہ ان کے راولپنڈی میں ایک 15 منزلہ پلازے میں 3 ارب 85 کروڑ روپے کے حصص سامنے آئے ہیں۔
گزشتہ برس فواد حسن فواد نے عدالت میں اپنی بریت کی درخواست دائر کی تھی، جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ نیب کی آمدن سے زائد اثاثوں کی انکوائری خلاف قانون تھی، میں نیب ترمیمی آرڈیننس 2022ء سے فائدہ نہیں اٹھانا چاہتا۔
فواد حسن فواد نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں میرٹ پر بری کیا جائے۔
عدالت نے بریت کی درخواستوں کو منظورکرتے ہوئے فواد حسن فواد اور دیگر کو بری کردیا۔