کراچی اور لاہور کا میچ پاک بھارت ٹاکرے کی طرح سنسنی خیز ہوتا ہے، شاہین
قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر اور لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ لاہور اور کراچی کا جب میچ ہوتا ہے تب ایسا لگتا ہے کہ پاکستان انڈیا کا میچ ہورہا ہو۔
پی سی بی کے پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے شاہین آفریدی نے کہا کہ لاہور اور کراچی کا میچ بہترین ہوتا ہے اور آخری بال تک جاتا ہے، دونوں ٹیمیں محنت کرتی ہیں اور میچ جیتنے کیلئے جان لگا دیتی ہیں۔
شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ پریشر میں لیڈر ہونے کے ناطے میں فرنٹ سے سوچتا ہوں، جب آپ کپتان ہوتے تب پوری ٹیم کو لے کر جانا پڑتا ہے۔
شاہین آفریدی نے کہا کہ پی ایس ایل ایک ایسا سٹیج ہے جس میں دنیا بھر سے لوگ آپکو دیکھتے ہیں۔ میں نے پہلے سیزن میں چار رنز پر پانچ آوٹ کئے تھے، پی ایس ایل نے مجھے کافی کچھ دیا ہے، پی ایس ایل میں پرفارمنس دینے کے بعد میں انٹرنیشنل کھیلا۔
شاہین آفریدی نے کہا کہ جتنے بھی فاسٹ باؤلرز ہیں وہ پی ایس ایل میں چاہتے ہیں اس سے اچھی باؤلنگ کروں، ہماری کرکٹ کیلئے کافی اچھا ہے کہ ہمارے باؤلرز تیز اور اچھے آرہے ہیں اور سوچنا پڑتا ہے۔
شاہین شاہ آفریدی نے کہا جب آپ اپنی ٹیم کے ساتھ اچھے ہونگے تب پرفارمنس بھی اچھی ہوگی، لاہور قلندرز کے جتنے کھلاڑی ہیں وہ ٹیم نہیں فیملی کی طرح ہیں، کوئی بھی انفرادی طور پر نہیں کھیلتا سب ٹیم کے لئے کھیلتا ہے، فینز کا بہت شکریہ جن کی وجہ سے ہم چیمپئن بنے، فینز سے درخواست ہے کہ ہمیں سپورٹ کریں۔