ٹکٹ بچانے کیلئے ماں باپ نے اپنا شیرخوار بچہ ایئرپورٹ کاؤنٹر پر چھوڑ دیا
اسرائیلی جوڑے نے ٹکٹ کے پیسے بچانے کیلئے اپنے شیر خوار بچے کو ایئرپورٹ کے کاؤنٹر پر ہی چھوڑدیا۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق یہ واقعہ تل ابیب کے بین گوریون انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پیش آیا جب یہ خاندان نجی ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے تل ابیب سے بیلجیم کے دارالحکومت برسلز جا رہا تھا۔
چیک ان ڈیسک پر انہیں معلوم ہوا کہ انہیں اپنے بچے کیلئے ایک اضافی ٹکٹ خریدنا ہوگا جس پر جوڑے نے جھگڑا شروع کر دیا اور بچے کو کاؤنٹر پر ہی چھوڑ کر جہاز کی طرف فرار ہونے لگے کیونکہ انکی پرواز کا وقت ہوا چاہتا تھا۔
جوڑے کو اپنا بچہ چھوڑ کر بھاگتا دیکھ کر ایئرپورٹ کے عملے نے اُنہیں پکڑ کر سیکیورٹی اہلکاروں اور پولیس کو طلب کرلیا اور ان پر زور دیا کہ وہ اپنے بچے کو ساتھ لیکر جائیں۔
اسرائیلی پولیس کے ایک ترجمان نے سی این این کو بتایا کہ تفتیش کے لیے کچھ نہیں ہے کیونکہ جب ہم موقع پر پہنچے تو والدین پنے بچے کے ساتھ ہی موجود تھے۔
ایئرپورٹ پر موجود ایک ملازم نے مقامی میڈیا کو بتایا ہم جو کچھ دیکھا اس پر یقین نہیں کر سکتے تھے کیونکہ ایسا ہم نے پہلے کبھی نہیں دیکھا۔