امریکی وزیر خارجہ کا پشاور دھماکے پر لواحقین سے تعزیت کا اظہار
امریکی وزیر خارجہ نے پشاور دھماکے میں شہید ہونیوالوں کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم دہشت گردی کیخلاف پاکستان کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔
پشاور میں پیر 30 جنوری کو پولیس لائنز کی مسجد میں نماز ظہر کے دوران خودکش دھماکے میں پولیس افسران و اہلکاروں سمیت 100 سے زائد افراد شہید اور 50 سے زائد زخمی ہوئے تھے، واقعے کی ذمہ داری کالعدم ٹی ٹی پی خراسانی گروپ نے قبول کی تھی۔
امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اپنے ایک بیان میں پشاور میں ہونیوالے خودکش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس لائنز مسجد میں ہونے والے بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہیں، ہم دہشت گردی کی اس کارروائی کے نتیجے میں اپنی جانیں گنوانے والوں کے خاندانوں سے گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس المیے کو یہ بات مزید گھمبیر بناتی ہے کہ متاثرین میں سے زیادہ تر سیکیورٹی اہلکار تھے جنہوں نے خود کو شہریوں کی حفاظت اور خدمت کیلئے وقف کر رکھا تھا۔
بلنکن کا کہنا ہے کہ شہریوں کیخلاف ہر قسم کے تشدد پر امریکا پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے، ہم پاکستانی حکومت کی دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے تمام کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔