کراچی کی خواتین کیلئے خوشخبری، پنک بس سروس کا آغاز ہوگیا
کراچی کی خواتین کیلئے ان کی اپنی بس سروس کا آغاز ہوگیا، فریئر ہال میں ہونے والی رنگا رنگ تقریب کے بعد پنک پیپلز بس سروس کراچی کی سڑکوں پر رواں دواں ہوگئی۔
کراچی کی خواتین کو گھر سے دفتر اور دفتر سے گھر آنے جانے کیلئے شدید مشکلات کا سامنا تھا، کچھ اسی طرح کی صورتحال اسکول کالج اور یونیورسٹی آنے جانیوالی خواتین کے ساتھ بھی تھی، لہٰذا حکومت سندھ کی جانب سے خواتین کیلئے ان کی اپنی بس سروس چلانے کا اعلان کیا گیا جس کے بعد یکم فروری سے اس اعلان کو عملی جامہ پہنا دیا گیا۔
پروجیکٹ ڈائریکٹر پنک بس سروس کا کہنا ہے کہ حکومت سندھ کا یہ بہت اچھا قدم ہے، خواتین کی اپنی بس ہے جو انہیں سہولت دیگی، میں امید رکھتا ہوں کہ اس کی حفاظت ہم سب مل کر کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آنے والے دنوں میں اس طرح کی مزید خوشخبریاں بھی عوام کو ملتی رہیں گی، بس سروس 10 ارب روپے کا پروجیکٹ ہے، کم لاگت میں ہم اچھی سروس لوگوں کو دیں گے۔
انتظامیہ کے مطابق پنک بسوں کا کرایہ 50 روپے ہے جبکہ 5 سال تک کی عمر کے افراد سے کوئی کرایہ وصول نہیں کیا جائے گا، بس میں معذور افراد کیلئے 2 سیٹیں مختص کی گئی ہیں، جن سے کسی قسم کا کرایہ وصول نہیں کیا جائے گا۔
پنک بس سروس کے آغاز کو خواتین نے احسن اقدام قرار دیا ہے۔
پنک پیپلز بس سروس میں 24 خواتین کے بیٹھ کر سفر کرنے کی گنجائش موجود ہے جبکہ 36 خواتین رش کے اوقات میں کھڑے ہوکر سفر کرسکیں گی۔
پنک پیپلز بس سروس صبح 7 بجے سے رات 9 بجے تک چلے گی، اس طرح ٹرانسپورٹ کے حوالے سے خواتین کا دیرینہ مسئلہ حل ہوگیا۔