وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب، سیکیورٹی صورتحال اور پشاور حملے پر بریفنگ دی جائیگی
وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس بدھ کو دن 11 بجے طلب کرلیا گیا، وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ سیکیورٹی کی مجموعی صورتحال اور پشاور حملے کی تحقیقات پر بریفنگ دیں گے۔
وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا 8 نکاتی ایجنڈے پر غور کیلئے اجلاس بدھ کو دن 11 بجے طلب کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ ملک کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال اور پشاور پولیس لائنز حملے کی تحقیقات سے متعلق بریفنگ دیں گے۔
اجلاس میں سانحہ پشاور اور امن و امان کی صورتحال پر غور ہوگا، ملک کی مجموعی سیاسی اور معاشی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔
اجلاس میں اسلام آباد میں ویسٹ مینجمنٹ پلان منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا، توانائی بچت پلان پر عملدرآمد اور رکشوں، موٹر سائیکلوں کیلئے لوگریڈ پیٹرول کی فراہمی سے متعلق پاور ڈویژن کیجانب سے بریفنگ دی جائے گی جکہ توشہ خانہ سے متعلق نئے رولز کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
وفاقی کابینہ میں سرمایہ کاری بورڈ کے ریگولیٹری اصول اور گائیڈ لائنز پیش کی جائیں گی، اجلاس میں قانون سازی سے متعلق کابینہ کمیٹی کے 27 جنوری کے فیصلوں کی منظوری اور 17 تا 25 جنوری کے دوران ای سی سی فیصلوں کی توثیق کی جائے گی۔