ڈیلاس کے چڑیا گھر میں ایک ماہ کے دوران چوتھا مشکوک واقعہ
امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلاس کے چڑیا گھر میں مشکوک واقعات کا سلسلہ نہ تھم سکا۔
گزشتہ دنوں ایک چیتے کے فرار اور نایاب گدھ کی پراسرار موت کے بعد اب پیر کو دو شہنشاہ تمرین بندر پر اسرار طور پر غائب ہوگئے۔
پولیس کو پیر کے روز اس وقت الرٹ کیا گیا تھا جب رکھوالوں نے چڑیا گھر سے دو شہنشاہ تمرین بندروں کو غائب پایا جو تاحال نہیں مل سکے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بندروں کے لاپتا ہونے کی تفتیش کررہے ہیں، فی الحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی، ڈیلاس پولیس نے یہ بتانے سے انکار کیا ہے کہ آیا ان واقعات کا آپس میں کوئی تعلق ہے۔
پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ دونوں بندروں کو کوئی لیکر گیا ہے۔
شہنشاہ تمرین بندر اپنی لمبی سفید مونچھوں کی وجہ سے شہرت رکھتے ہیں۔ خیال کیا جاتا ہے کہ ان کا نام جرمنی کے آخری شہنشاہ ولیم دوم کے نام پر رکھا گیا تھا جن کی لمبی مونچھیں تھیں۔
واضح رہے کہ ڈیلاس کے چڑیا گھر میں اس ماہ کے شروع میں مشتبہ واقعات کا ایک سلسلہ اس وقت شروع ہوا جب ایک چیتا پنجرے سے فرار ہوگیا تھا جو بعد میں بحفاظت مل گیا۔
پچھلے ہفتے چڑیا گھر میں ایک انتہائی نایاب گدھ ”غیر معمولی زخم“ کے ساتھ مردہ پایا گیا۔ یہ گدھ کرہ ارض پر صرف 6000 میں سے ایک تھا اور اس کی موت کو ”مشکوک“ سمجھا جارہا ہے، چڑیا گھر کے عملے کا کہنا ہے کہ گدھ کو کھونا تباہ کن ہے، وہ ”ہر کسی کو بہت یاد آئے گا“۔
امریکن ایسوسی ایشن آف زو کیپرز کے چیف ایگزیکٹو ایڈ ہینسن نے کہا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ کسی کو ”واقعی ڈیلاس چڑیا گھر کے ساتھ کوئی مسئلہ ہے۔“ جب سے غیر معمولی واقعات شروع ہوئے ہیں چڑیا گھر نے اضافی کیمرے شامل کیے ہیں اور رات کے وقت حفاظتی گشت میں بھی اضافہ کردیا ہے۔
یہ چڑیا گھر 106 ایکڑ پرمحیط ہے جس میں 2,000 سے زیادہ جانور موجود ہیں اور یہ ٹیکساس کا سب سے قدیم اور سب سے بڑا چڑیا گھر ہے۔ یہ 2004 میں اس وقت سرخیوں میں آیا تھا جب ایک گوریلے نے یہاں سے فرار ہوکر 4 افراد کو زخمی کردیا تھا جسے بعد میں گولی مارکر ہلاک کیا گیا تھا۔