کراچی: حوالہ ہنڈی اور غیر ملکی کرنسی کی خرید و فروخت میں ملوث 4 افراد گرفتار
ایف آئی اے نے کراچی کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرکے غیرملکی کرنسی کی غیر قانونی خرید و فروخت اور حوالہ ہنڈی میں ملوث 4 افراد کو گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل کراچی نے تین تلوار اور صدر میں کارروائیاں کیں جہاں بغیر لائسنس غیر ملکی کرنسی کی خرید و فروخت میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
حکام کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 16 ہزار 320 امریکی ڈالر، 3 لاکھ 64 ہزار 920 روپے اور ہنڈی حوالہ سے متعلق رسیدیں بھی برآمد ہوئی ہیں۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم عزیز مرچنٹ کو تین تلوار جبکہ ملزم محمد ہمایوں، سلیم الدین اور عثمان عارف کو گولڈ سینٹر صدر سے گرفتار کیا گیا، ملزمان کے موبائل فونز سے درجنوں ہنڈی حوالہ اور غیرقانونی کرنسی ایکسچینج سے متعلق پیغامات بھی ملے ہیں۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔