پشاور دھماکا کیسے کیا گیا؟ رانا ثنا اللہ نے نوعیت بتادی
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پشاور پولیس لائن کی مسجد میں دھماکا خودکش تھا۔
پشاور واقعے سے متعلق نجی ٹی وی کو بتاتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ دھماکا پولیس لائن کی مسجد میں ہوا ہے، یہ خودکش دھماکا بتایا جارہا ہے، اس میں 16 سے 17افراد جاں بحق ہوئے ہیں جب کہ 50 سے زائد زخمی ہوئے ہیں، اس واقعے میں ہدف پولیس اہلکار تھے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف پر جگہ اور ہر سطح کارروائیاں ہورہی ہیں، انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل معاونت کے ساتھ دہشتگردوں کے خلاف کارروائی جاری رکھے ہوئے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا اس میں کوئی شک نہیں ملک میں اس طرح کے مزید واقعات ہونے کے خدشات ہیں، اس کے لئے عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اس سلسلے میں محتاط ہونا ہوگا۔