ڈونلڈ ٹرمپ نے صدارتی مہم کا باقاعدہ آغاز کردیا
امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2024 کے صدارتی مہم کا باقاعدہ آغاز کردیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے صدارتی انتخابات کے لیے اپنی مہم کی شروعات نیو ہیمپشائر اور جنوبی کیرولینا کی ریاستوں سے کی ہے۔
نیو ہیمپشائر میں ریپبلکن پارٹی کی سالانہ تقریب سے خطاب میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ میں اب زیادہ غصے میں ہوں اور پہلے سے زیادہ پرعزم ہوں۔
انہوں نے اپنے متعلق قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے مزید کہا کہ ہم نے بڑی ریلیوں کی منصوبہ بندی کر رکھی ہے، جو پہلے سے زیادہ بڑی ہوں گی۔
ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارتی مہم چلانے کے لیے ریاست فلوریڈا کے شہر پام بیچ میں مرکزی دفتر کھولا گیا ہے جہاں کے لیے عملے کی ہائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
نیو ہیمشائر میں ڈونلڈ ٹرمپ نے انتخابی ایجنڈنے کا اعلان کیا جس میں امیگریشن اور جرائم کی شرح بھی شامل ہے۔
جنوبی کیرولینا کے دورے پر پارٹی سے خطاب میں ڈونلڈ ٹرمپ نے جو بائیڈن اور حکومتی جماعت ڈیموکریٹ پر تنقید کرتے ہوئے ٹرانجینڈر کمیونٹی پر ہتک آمیز تبصروں کے علاوہ الیکٹرک گاڑیاں اور چولہے استعمال کرنے والوں کا مذاق اڑیا۔
جبکہ سابق صدر نے اپنے دور حکومت میں کیے جانے والے اقدامات جیسے تیل کی پیداوار میں اضافہ اور امیگریشن پر کریک ڈاؤن کو سراہتے ہوئے ایک مرتبہ پھر دہرایا۔
خیال رہے کہ آئندہ صدارتی انتخابات کے امیدوار کے طور پر فی الحال صرف ڈونلڈ ٹرمپ ہی سامنے آئے ہیں تاہم فلوریڈا کے گورنر رون ڈی سینٹس، سابق نائب صدر مائیک پینس اور جنوبی کیرولینا کے سابق گورنر نیکی حیلے ان کے ممکنہ چیلنجر ہو سکتے ہیں۔