تھائی لینڈ میں بادشاہ کے خلاف فیس بک پوسٹ کرنے والے کو 28 سال قید
تھائی لینڈ میں ایک عدالت نے بادشاہ کے خلاف فیس بُک پر پوسٹ کرنے کے جرم میں ایک شخص کو 28 برس قید کی سزا سنائی ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق تھائی لینڈ میں بادشاہ سمیت شاہی خاندان کی توہین کرنے والے کو 3 سے 15 برس کی قید کا قانون رائج ہے، اس قانون کے تحت گزشتہ 3 برسوں کے دوران کئی افراد کو سزائیں سنائی جاچکی ہیں۔
27 سالہ مونگ کھون تھراکوٹ اس قانون کے تازہ شکار ہیں۔ ان کا تعلق تھائی لینڈ کے شمالی صوبے چیانگ رے سے بتایا جارہا ہے۔
مونگ کھون تھراکوٹ پر الزام تھا کہ اس نے فیس بُک پر ملک کے موجودہ اور سابق بادشاہ کے خلاف توہین آمیز پوسٹس کیں۔
عدال نے ہر پوسٹ پر مونگ کھون تھراکوٹ کو 3 برس قید کی سزا سنائی جو کہ مجموعی طور پر 42 سال بنتے ہیں تاکہ ملزم کی جانب سے تفتیش میں تعاون پر ان کی سزا کم کرکے 28 برس کردی ہے۔