عمران خان کے اپنے تانے بانے دہشت گردوں سے ملتے ہیں،شرجیل میمن
صوبائی وزیر سندھ شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے اپنے تانے بانے دہشت گردوں سے ملتے ہیں، یہ جھوٹا شخص ہے۔ عمران خان کو اپنے الزامات عدالت میں ثابت کرنا ہوں گے۔
سابق صدر آصف علی زرداری سے متعلق متنازع بیان پر سندھ کے وزیر اور پاکستان پیپلزپارٹٰ کے رہنما شرجیل انعام میمن نے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی پی سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیئرمین عمران خان کے خلاف قانونی کارروائی کرے گی۔
سما سے خصوصی گفتگو میں شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ عمران خان الزامات کو عدالت میں ثابت کریں، جو انہوں نے آصف زرداری پر لگائے ہیں۔ عمران خان جادوگرنیوں کی خبروں پر چلتے ہیں، ان پر تو حملہ بھی جھوٹا تھا۔ اس شخص کی دو نمبری اور فراڈ سب کے سامنے ہے، یہ گرفتار ہوسکتے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ عمران کے آصف علی زرداری پر عائد کردہ الزام کو سنجیدہ لینے کی ضرورت نہیں، شاید اسی نے کوئی خواب دیکھا ہو، یہ روز سستی شہرت کیلئے نیا بیانیہ بیچنے کی کوشش کرتا ہے۔
عمران خان نے کیا کہا تھا؟
واضح رہے کہ گزشتہ روز 27 جنوری بروز جمعہ ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا تھا کہ میرے قتل کی نئی سازش کے پیچھے آصف زرداری ہے، پلان اے میں 4 لوگوں نے بند کمرے میں میرے قتل کی سازش تیار کی، پلان بی کے مطابق مجھے مذہبی انتہا پسندی کے نام پر قتل کروانا تھا، پلان بی اور پلان اے میں ناکامی کے بعد پلان سی بنایا گیا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ پلان سی میں 4 لوگوں کے علاوہ آصف زرداری بھی شامل ہیں، آصف زرداری نے سندھ حکومت کا پیسہ ایک دہشت گرد تنظیم کو دیا ہے، میرے خلاف سندھ حکومت کا لوٹا ہوا پیسہ استعمال کیا جا رہا ہے۔